
راولپنڈی (اسپورٹس ڈیسک):کامن ویلتھ گیمز میں مینزہاکی ایونٹ 29 جولائی سے شروع ہوگا، پاکستانی ٹیم اپنی مہم کا آغاز 30 جولائی
کو جنوبی افریقہ کے خلاف میچ سے کرے گی، آسٹریلوی ٹیم اعزاز کا دفاع کرے گی۔ پی ایچ ایف کے مطابق قومی ہاکی ٹیم کامن ویلتھ گیمز میں شرکت کے لئے برمنگھم پہنچ چکی ہے، قومی سکواڈ میں اکمل حسین، عبداللہ اشتیاق خان، مبشر علی، عماد شکیل بٹ، ایم حماد الدین انجم، محمد عبداللہ، رضوان علی، محمد عمر بھٹہ، معین شکیل، عبدالمنان، جنید منظور، غضنفر علی، اعجاز احمد، رانا عبدالوحید، رومان، افراز، عبدالحنان شاہد اور احمد ندیم شامل ہیں۔
کامن ویلتھ گیمز 28 جولائی سے انگلینڈ کے شہر برمنگھم میں شروع ہوں گے جس میں ہاکی ایونٹ کا آغاز 29 جولائی سے ہوگا، ٹورنامنٹ میں 10 ٹیمیں شرکت کریں گی، پول اے میں پاکستان، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ اور سکاٹ لینڈ جبکہ پول بی میں بھارت، انگلینڈ، کینیڈا، ویلز اور گھانا کی ٹیمیں شامل ہیں۔
میگا ایونٹ میں قومی ہاکی ٹیم اپنی مہم کا آغاز 30 جولائی کو جنوبی افریقہ کے خلاف میچ سے کرے گی، پاکستان اپنا دوسرا پول میچ 31 جولائی کو نیوزی لینڈ، تیسرا میچ 3 اگست کو سکاٹ لینڈ جبکہ چوتھا اور آخری میچ 4 اگست کو آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گا، ٹورنامنٹ کے دونوں سیمی فائنلز 6 اگست جبکہ فائنل 8 اگست کو کھیلا جائے گا۔





































