
اسلام آباد (ویب ڈیسک)ملک میں سونےکی قیمتوں میں مزید اضافےکا خطرہ منڈلانے لگا ہے کیونکہ جون 2025 کے دوران کسی بھی ملک سے ایک کلوگرام
سونا بھی درآمد نہیں کیا گیا، جس کے نتیجے میں مارکیٹ میں طلب و رسد کا توازن بگڑنے کا اندیشہ ہے۔
سرکاری دستاویزات کے مطابق جون میں سونے کی درآمدات مکمل طور پر صفر رہیں۔ جب کہ مئی میں 9 کلو سونا درآمد کیا گیا تھا، دستاویزات کے مطابق مئی کے مقابلے میں جون میں سونے کی درآمدات میں 100 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جس سے سونے کی قیمتوں پر دباؤ مزید بڑھا۔
گزشتہ مالی سال 2024-25 کے دوران بھی کم از کم 3 مہینے ایسے گزرے جب سونے کی درآمدات بالکل نہیں ہوئیں،مارکیٹ ذرائع کے مطابق درآمدات رکنے کے باعث فی تولہ سونا ایک لاکھ 16 ہزار روپے تک مہنگا ہو چکا ہے اور ایک سال میں سونے کی قیمت 2 لاکھ 41 ہزار روپے سے بڑھ کر 3 لاکھ 57 ہزار روپے تک جا پہنچی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2024-25 کے دوران مجموعی طور پر 391 کلوگرام سونا درآمد کیا گیا جس پر 3 کروڑ 8 لاکھ ڈالر سے زائد کا درآمدی بل ریکارڈ کیا گیا۔ یہ شرح مالی سال 2023-24 کی نسبت 80.94 فیصد زیادہ ہے، جب کل 262 کلوگرام سونا درآمد کیا گیا تھا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر سونے کی درآمدات کا سلسلہ بحال نہ ہوا تو مقامی مارکیٹ میں قیمتیں مزید اوپر جا سکتی ہیں جس سے نہ صرف زیورات کی صنعت متاثر ہو گی بلکہ سرمایہ کاری کے رجحانات پر بھی منفی اثرات مرتب ہوں گے۔




































