
کراچی (رنگ نو ڈیسک )کراچی کے تاجروں نے ایف بی آر کی ظالمانہ ٹیکس پالیسیوں اور بھاری ٹیکسوں کے
خلاف 7 اکتوبر کو کراچی سے اسلام آباد ٹرین مارچ کا اعلان کردیا.
سندھ تاجر اتحاد کی کال پر اولڈ سٹی تاجر اتحاد ایسوسی ایشن کی میزبانی میں تاجر تنظیموں کا عظیم الشان احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے تاجر رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ایف بی آر کی ظالمانہ ٹیکس پالیسیوں کے خلاف تاجر برادری ملک بھر میں ایک پیج پر ہے۔
احتجاجی مظاہرے سے سندھ تاجراتحاد کے چیئرمین جمیل احمد پراچہ،اولڈ سٹی ایریا تاجر اتحاد ایسو سی ایشن کے صدر شیخ محمد عالم، آل سٹی تاجر اتحاد ایسو سی ایشن کے صدر شرجیل گوپلانی، آل سٹی تاجر اتحاد کے چیئر مین حکیم شاہ، کاشف صابرانی، عبد الرحمن خان، انصار بیگ قادری، احمد شمسی، ناصر ملکانی، سید محمد سعید، یعقوب بالی، سلیم راجپوت، محمد ارشد، شاکر فینسی، عتیق میر، مرزا صادق بیگ، محمد یحییٰ، یونس بچو، زبیر میمن، کامران فاضل، آفرین صدیقی، فیصل جان کبیر، طارق ممتاز، زاہد امین، اسماعیل لال پوریا، زبیر علی خان، عبد الغنی میمن، محمد اسلم، محمد نعیم، ایوب مرزا، اسحاق شیخ، رانا اکرم، چوہدری ایوب، سلطان خان، محمد زاہد، یوسف بیگ، عثمان صدیقی، عاطف بلو، شمعون باقر علی، نوید طاہر، صابر بنگش، شاہد بٹ، جاوید شمس اور دیگر تاجر رہنماؤں نے بھی خطاب اور شرکت کی.
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جمیل احمد پراچہ نے کہا کہ ایف بی آر کی تاجر دشمن پالیسیوں کو کسی صورت قبول نہیں کریں گے ظالمانہ ٹیکس پالیسیوں کے خلاف تاجر کاروبار چھوڑ کر روڈ پر احتجاج کرنے پر مجبور ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی معیشت میں تاجر برادری ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت تاجروں کو دیوار سے لگایا جا رہا ہے۔
جمیل احمد پراچہ نے یہ بھی اعلان کیا کہ 7اکتوبر سے کراچی سے اور ملک بھر سے تاجروں کے قافلے اسلام آباد روانہ ہونگے جہاں وہ ایف بی آر کے دفتر کے سامنے پر امن احتجاج کریں گے اور 9اکتوبر کے تاریخی کنونشن میں شرکت کریں گے۔ اس موقع پر اولڈ سٹی ایریا تاجر اتحاد ایسو سی ایشن کے صدر شیخ محمد عالم نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے جب بھی ملک میں ناگہانی آفت یا بر ا وقت آیا ہے تو تاجر برادری نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے حتی کہ آزادی کے وقت بھی قائد اعظم محمد علی جناح ؒکو ملک چلانے کے لئے تاجر برادری کی شخصیات نے بلینک چیک تک دئیے مگر آج ایف بی آر کی ظالمانہ ٹیکس پالیسیوں کی وجہ سے تاجر احتجاج کرنے پر مجبور ہیں اور اس کا کوئی پرسان حال نہیں ہے
۔ آل سٹی تاجر اتحاد ایسو سی ایشن کے صدر شرجیل گوپلانی نے کہا کہ آج ٹیکسوں کی بھرمار کی وجہ سے مختلف مارکیٹوں میں تاجر بنک کرپٹ کا شکار ہیں او ر مارکیٹوں میں سناٹا اور خوف کا عالم ہے، جس طرح 1972ء میں ایک سازش کے تحت ملک کی صنعتوں اور صنعت کاروں کو تباہ کیا گیا اس طرح آج ملک کی تجارت اور تاجروں کو تباہ کیا جا رہا ہے ۔
آل سٹی تاجر اتحاد کے چیئر مین حکیم شاہ نے کہا کہ اگر ہمارے احتجاجوں سے بھی ایف بی آر اور حکمرانوں نے اپنی پالیسی تبدیل نہ کی تو ہم جیل بھرو تحریک سے بھی گریز نہیں کریں گے اور کسی بھی قربانی کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں۔
احتجاج سے دیگر تاجر رہنماؤں نے ایف بی آر کی ظالمانہ ٹیکس پالیسیوں کو مسترد کیا اور IMFاور FTFکو ملک کی پالیسیوں میں دخل انداذی کو ملک کی سالمیت کو خطرہ قرار دیا۔ اس موقع پر تاجروں نے بڑی تعداد میں احتجاج میں شرکت کی اور اسلام آباد مارچ کو لبیک کہا۔




































