
اسلام آباد (ویب ڈیسک،فوٹو فائل) وزیراعظم کے مشیربرائے خزانہ ومحصولات ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ نے کہاہے کہ حکومت کو
اقتصادی بحران ورثہ میں ملاتھا، ڈالر کی قدرکو مصنوعی طورپر کم رکھنے کیلئے فارن ایکسچینج کو جھونکا گیا جس سے زرمبادلہ کے ذخائر میں بڑی کمی آئی۔
نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ڈالر کی مصنوعی قدر کی وجہ سے مسلم لیگ ن کے دور حکومت کے پانچ سال میں برآمدات میں صفر فیصد اضافہ ہوا، حکومت ایف بی آر سمیت تمام اداروں میں اصلاحات لارہی ہے، اس عمل میں نجی شعبہ کو بھی شامل کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی وباء سے پاکستان کی معیشت کو 3 سے لیکر 4کھرب روپے کا نقصان ہوا۔وباء سے ترقی یافتہ ممالک کی طرح پاکستان میں بھی غربت اوربے روزگاری میں اضافہ ہواہے، معاملہ پرپوائنٹ سکورنگ کی بجائے حقائق اوراعدادوشمارکو دیکھنا ضروری ہے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو ا قتصادی بحران ورثے میں ملا تھا، زرمبادلہ کے ذخائر صرف 9 ارب ڈالر رہ گئے تھے، حکومت کیلئے معیشت کو چلانا مشکل ہوگیا تھا، ڈالر کی قدرکو مصنوعی طورپر کم رکھنے کیلئے فارن ایکسچینج کو جھونکا گیا۔
ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ نے کہاکہ موجودہ حکومت نے بیشترقرضے ماضی میں لیے گئے قرضوں اورسود کی واپسی اورمالی خسارہ کم کرنے کیلیے لیے ہیں۔ چئیرمین ایف بی آر کی تبدیلی سے متعلق سوال پرانہوں نے کہاکہ شبرزیدی بیماری کی وجہ سے ذمہ داریاں جاری نہیں رکھ سکے تھے، انہوں نے کہاکہ حکومت ایف بی آر سمیت تمام اداروں میں اصلاحات لارہی ہے، اس عمل میں نجی شعبہ کو بھی شامل کیا جائے گا۔





































