
اسلام آباد: پاکستان میں مغربی سمت سے آنے والے موسمی نظام نے ملک میں قدرتی آفت جیسی کیفیت پیدا کردی ہے۔ بے وقت کی بارش،آندھیوں،ہواؤں
کے جھکڑوں اور ژالہ باری سے ملک کے مختلف علاقوں میں شدید مالی و جانی نقصان ہوا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق یہ ویدرسسٹم یورپ اور مشرق وسطیٰ کےراستے پاکستان پہنچا ہےجو ایران میں بھی شدید بارشوں اور سیلاب کا سبب بنا تھا۔ایران سے یہ سسٹم پھر بلوچستان کےراستے پاکستان میں داخل ہوا۔ ملک کے مغربی اور جنوبی علاقوں پر اس طوفانی موسم کا بہت اثر پڑا ہے اور خاص طور پر بلوچستان میں جان اور مال کا بہت نقصان ہوا
این ڈی ایم اے کے مطابق طوفانی بارشوں اور آندھیوں سے بدھ تک ملک بھر میں کم از کم 49 لوگ ہلاک ہوئے۔ جبکہ 176 زخمی ہیں اور 117 گھروں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔شمالی پنجاب اور خیبر پختونخوا کے بیشتر حصوں میں بارش، آندھی، بحلی کی گرج اور ژالہ باری سے مختلف حادثات میں ہلاکتیں ہوئیں۔ اس کے ساتھ کشمیر اور خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈ سے نقصانات ہوئے اور کئی سڑکیں بھی بند رہیں۔ پیر کو کراچی میں گردآلود تیز ہواؤں سے شہر کے کئی علاقوں میں بجلی کے کھمبے، اشتہاری بورڈ، درخت اور عمارتوں کی چھتیں اور دیواریں گرنے سے پانچ افراد جاں بحق اور 36 افراد زخمی ہوگئے۔جبکہ مچھیروں کی ایک کشتی ابھی تک لاپتہ ہے۔پنجاب کے صوبائی محکمہ زراعت کے ترجمان کے مطابق ابھی نقصان کا مکمل تخمینہ لگانے میں چند دن لگیں گے ۔ چکوال کے کچھ علاقوں میں ژالہ باری سے 80 فیصد فصل ختم ہو چکی ہے۔





































