
لاہور(ویب ڈیسک ) مسلم لیگ (ن) کی مرکزی رہنما مریم نواز نے کہا ہے کہ اگر نوازشریف جیل سے باہر ہو تو نالائق اعظم کی حکومت
ایک دن نہیں چل سکتی ،تمہاری حیثیت ایک کٹھ پتلی او رمہرے کی ہےاور تم آنکھ کا اشارہ دیکھتے ہو،کہتے ہو این آر او نہیں دوں گا ، بتائو تم سے این آر او مانگ کون رہا ہے۔
یوم تکبیر کے حوالےسے ماڈل ٹائون میں منعقدہ تقریب سےخطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ تم عوام اور ووٹ کے بل بوتے پر نہیں بلکہ سازش کر کے آئے ہو ، تمہیں نواز شریف کو جیل میں رکھنا پڑتا ہے ،پارٹی مریم نواز اور حمزہ شہباز کو نائب صدور کے عہدے دیتی ہے تو تمہاری ٹانگیں کانپنا شروع ہو جاتی ہیں ۔
اس موقع پر حمزہ شہباز ، رانا ثنا اﷲ خان ، پرویز ملک ، شائستہ پرویز ملک سمیت اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور مرد و خواتین کارکنوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
۔ مریم نواز نے کہا کہ میں شرکاء کو دو مرتبہ سلام پیش کرتی ہوں ایک آپ کو اپنی بہن مریم نواز اور دوسرا سلام کوٹ لکھپت جیل کی سلاخوں کے پیچھے قید نواز شریف کا سلام ہے ۔

مریم نواز نے کہا کہ قوم کی زندگیوں میں کبھی کبھی ایسے لمحات آتے ہیں جب کوئی جراتمندانہ بروقت او ربہادر فیصلہ قوم کی ہمیشہ ہمیشہ کےلئے تقدیر سنوار دیتا ہے ۔ یہ جراتمندانہ فیصلہ کرنے والا کون تھا ، بہادر لیڈر کون تھا جس نے 28مئی 1998ء کو چھ دھماکے کر کے پاکستان کے مستقبل ، سلامتی اور دفاع کو ناقابل تسخیر بنا دیا ۔ آج ملک او ر قوم کا محسن ، پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے والا ، دنیا کے نقشے پر پاکستا ن کو ایٹمی قوت کے طور پر متعارف کرانے والا کہاں بیٹھا ہے ، آج وہ کھوٹ لکھپت جیل میں سلاخوں کے پیچھے ہے ۔
ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھنے پر ذوالفقار علی بھٹو کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔ بھارت کے پانچ ایٹمی دھماکوں کے مقابلے میں چھ دھماکے کرنے والا نواز شریف آج ستر سال کی عمر میں بیمار ہو کر جیل میں پڑا ہے ،نوازشریف ملک و قوم کی خاطر جیل کے پیچھے ہے ۔




































