
پشاور(ویب ڈیسک )محکمہ جنگلی حیات نےوزیراعظم عمران خان کے لیے'سانپ' کی کھال سے چپل تیار کرنے والے دکاندار پر 50 ہزار
روپے جرمانہ عائد کیا ہے،جرمانے کی ادائیگی کےبعد اسےچپل واپس کردی گئی ہے۔
پشاورکے مشہور چپل سازچچا نورالدین شنواری کی دکان 'کپتان چپل میکر' پر محکمہ جنگلی حیات نےچھاپہ مار کروزیراعظم عمران خان کے لیے تیار کی گئی ،خصوصی چپل قبضےمیں لے لی تھی۔
عمران خان کے مداح نعمان نامی شخص نے خصوصی چپل کی تیاری کے لیے مبینہ طور پر امریکا سے 'اژدھے' کی کھال بھجوائی تھی، تاکہ عمران خان کو عید کا تحفہ دیا جاسکے۔
سب ڈویژنل فارسٹ افسرعامر علی نے کہا کہ دکاندار کے پاس بیرون ممالک سے کھال درآمد کرنے کی کوئی دستاویزات نہیں ہیں،کھال ایناکونڈا کی نسل 'پائے تھن' سانپ کی ہے، جس سے چپل تیار کرنے پر دکاندار پر 50 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دکاندار پر متعدد دفعات لگائی گئی ہیں جن میں جنگلی حیات کو نقصان پہنچانے، جنگلی حیات کی کھال کی غیرقانونی تجارت شامل ہیں۔




































