
اسلام آباد(ویب ڈیسک) معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ شریف خاندان کا ایمان جاگے تو پلی
بارگین کرکے اپنی اور ہماری جان بخشی کرے۔
پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ اسلام آبادمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ہل میٹل کیس کے متعلق شہزاد اکبر نے کہاکہ رقم کا 80 فیصد مریم نوازکو گفٹ کیا گیا،تازہ ترین رقم 2016ء میں 9.9ملین کی ٹی ٹی ہل میٹل کے ذریعے آئی۔انہوں نے کہا کہ ہل میٹل کیس میں یہ بات سامنے آئی کہ 85فیصد رقم نوازشریف کو جاتی ہے۔اسی رقم کا 80فیصد حصہ وہ مریم نوازکو گفٹ کرتے ، اسی کیس میں حسن اور حسین نواز بھی ملوث ہیں۔
شہزاد اکبر نے کہا کہ شریف برادران خودکو جدّی پشتی امیر کہتے ہیں حالانکہ شریفوں کی ساری دولت ٹی ٹی سے بنی ، یہ سلسلہ چلتا رہتا مگر درمیان میں پاناما آگیا ،سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈ ار کو واپس لانے کیلئےبرطانیہ کواضافی شواہد فراہم کردئیے ہیں۔ شریف خاندان نے 90ء کی دہائی میں خوب مال کمایا۔
انہوں نے کہا کہ شریف خاندان نے حوالہ ہنڈی کے ذریعے مال بیرون ملک منتقل کیا۔شریف خاندان کے ٹی ٹیز سے متعلق تمام کیسز نیب کو بھیج رہے ہیں، امیدہے نیب اس پر تحقیقات اور قانونی چارہ جوئی کرے گا۔
۔شہزاد اکبر نے کہا کہ ٹی ٹی شہبازکے بعد اب نئی ٹی ٹی سامنے آئی ہے۔جن کی دستاویز موجود ہیں، جس کے مطابق 14ملین کی ٹی ٹی مریم نوازصفدر کے اکاؤنٹ میں گئی،دستاویز پر مریم نوازکے دستخط ہیں، رقم منگوانے کا مقصد سرمایہ کاری ہے۔پھر 19ملین کی ٹی ٹی ایم سی بی بینک گارڈن ٹاؤن برانچ میں آتی ہے۔یہ رقم گفٹ نہیں بلکہ مریم نوازنے دعویٰ کیا کہ سرمایہ کاری کی مد میں آئی ہے۔اسی طرح 7ملین کی ٹی ٹی پر مریم صفدر نے دستخط کیے۔




































