
کراچی(رنگ نوڈاٹ کام )وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ علی زیدی نے مئیرکراچی وسیم اخترکے ساتھ ملکر کراچی میں
صفائی مہم کا آغاز کردیا۔
مہم کا افتتاح کے پی ٹی ہیڈ آفس میں منعقدہ جلسہ عام میں کیا گیا،علی زیدی نے سندھ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہیں تو پلاسٹک بیگس پر پابندی لگانی چاہیے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کی وہ بپلاسٹک شاپنگ بیگ کا استعمال ترک کر دیں۔
تقریب میں وفاقی وزیر آئی ٹی اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی، ڈپٹی میئر کراچی سید ارشد حسن،سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف فردوس شمیم نقوی، کراچی سے تعلق رکھنے والے ممبران قومی و صوبائی اسمبلی، سماجی کارکنان،سول سوسائٹی کے نمائندوں، کھلاڑیوں، فن کاروں اور بڑی میں خواتین و حضرات نے شرکت کی۔
علی زیدی نے کہا کہ اس مہم کی تھیم ’اب ہوگا صاف کراچی‘ہے جس کے پہلے مرحلے میں 14 اگست تک شہر کے 32 بڑے نالے صاف کیے جائیں گے اور بند نالوں کو کھولا جائے گا۔ اس کے بعد شہر سے کچرا اٹھایا جائے گا۔سڑکوں اور اہم شاہراؤں پر موجود گندگی کو صاف کیا جائے گا۔’اب ہوگا صاف کراچی‘ مہم کا آغازاتوارکو دن 12 بجے کے پی ٹی ہیڈ آفس سے کیا گیا
صفائی مہم سے متعلق وفاقی وزیر علی زیدی کا کہناہےکہ ابھی سندھ حکومت کو صفائی مہم پر ہونے والے خرچ کا اندازہ نہیں ہے، ایف ڈبلیو او اس کام کی نگرانی کرے گی جس میں منافع کا دخل نہیں ہے۔انہوں نے بتایا کہ لانڈھی انڈسٹریل ایریا کے صنعت کارروں نے علاقہ صاف کرنے کی پیش کش کی ہے۔
علی زیدی نے کہ شہریوں کی حمایت اور شرکت کے بغیر یہ کام ممکن نہیں ہے لہٰذا اس مہم میں سب کے تعاون کی ضرورت ہے۔کراچی صفائی مہم کے اقدام کو کرکٹ کھلاڑی، شوبز شخصیات اور شہریوں کی جانب سے خوب سراہا جارہا ہے۔
میئر کراچی نے کہا کہ سڑکوں پر کچرا اور کچرے سے نالیاں چوک ہونے سے سڑکوں پر پانی کھڑا ہوا جس کی تمام تر ذمہ داری سندھ حکومت کی ہے۔ نالوں کی صفائی کے لئے عدالت کی ہدایت پر جو پیسے دیئے گئے تھے ان کا حساب سیکریٹری لوکل گورنمنٹ کے دفتر میں جمع کرا دیا ہے۔ پھر بھی کہتے ہیں حساب دو۔ انہوں نے کہا کہ پورا ملک اور ادارے ان سے دس سال کا حساب مانگ رہے ہیں اور یہ دوسروں کو کہہ رہے ہیں کہ حساب دو یہ شرم کا مقام ہے۔
میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ وفاقی حکومت اور علی زیدی کا شکر گزار ہوں کہ میری درخواست پر کراچی کی طرف توجہ دی ہمیں سیاست سے بالاتر ہو کر شہر کے لئے کام کرنا ہوگا ۔




































