
کراچی (رنگ نوڈاٹ کام )موسلادھار بارشوں کے پیش نظر کراچی اور حیدرآباد میں ریڈالرٹ جاری کردیا گیا، کراچی، ٹھٹھہ اور حیدرآباد ڈویژن
میں نشیبی علاقے پھر زیر آب آنے کا خدشہ پیدا ہوگیا،متعلقہ محکموں کے عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں، کراچی اور حیدرآباد کے کمشنرز نے بارشوں سے متعلق حفاظتی انتظامات کیلئے اہم اجلاس کیے، محکمہ موسمیات نے مون سون کا دوسرا اسپیل پہلے سے زیادہ مضبوط ہونے کی پیش گوئی کردی۔
چیف میٹرولوجسٹ کا کہنا ہے کہ خلیج بنگال میں ہوا کے کم دباؤ کا سسٹم بن گیاہے، سسٹم کے تحت بالائی سندھ میں تیز بارشیں ہوں گی، سسٹم کے پنجاب جانے کے امکانات نہیں، کراچی میں 9اگست کی رات سے موسلادھار بارش کاامکان ہے ، سلسلہ 13اگست تک جاری رہ سکتا ہے۔
خلیج بنگال کے شمال میں ہوا کا کم دبائو بن گیا، 8اگست تک ہوا کا کم دبائو راجستھان پہنچنے کا امکان ہے، یہ کم دبائو سمیت کراچی میں 9 سے 11اگست کے دوران بڑے پیمانے تیز بارش کا باعث بن سکتا ہے 9 اگست کی شام یا رات سندھ میں بارش متوقع ہے جبکہ کراچی میں 10اور 11 اگست کو تیز بارش ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق حالیہ مون سون سسٹم پچھلے سسٹم کے مقابلے میں زیادہ مضبوط ہے،سسٹم کے سندھ داخل ہونے سے تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں جن کی رفتار 72 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوسکتی ہے۔محکمہ موسمیات نے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت بھی کردی ہے۔موسلادھار بارش کے نتیجے میں کراچی، ٹھٹھہ اور حیدرآباد ڈویژن میں نشیبی علاقے زیر آب آنے کا امکان ہے۔




































