
اسلام آباد (ویب ڈیسک ) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے
کہ عمران خان کشمیریوں کے حقیقی ترجمان بن کر ابھرے ہیں۔
اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کے اجلاس نے بھارت کے ان دعوؤں کی قلعی کھول دی ہے کہ کشمیر اس کا اندرونی معاملہ ہے،سلامتی کونسل اجلاس نے ثابت کیا کہ کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ ایک متنازع علاقہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو بھارت کے غیر ذمہ درانہ بیانات کا سنجیدگی سے نوٹس لینا ہوگا۔ جو عالمی قوانین اور دنیا کے امن کے لئے کھلا چیلنج ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیر دفاع کا بیان آرایس ایس کی اس انتہا پسندانہ سوچ کا عکاس ہے کہ وہ اپنے مذموم عزائم کے حصول کے لئے دنیا کے امن کو بھی خطرے میں ڈال سکتے ہیں۔
فردوس عاشق اعوان نےکہا کہ بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کا بیان پوری دنیا کیلئے دھمکی ہے۔ مظلوم کشمیریوں کی وہ آواز جو بھارتی جبر نے دبا رکھی تھی اور دنیا مقبوضہ کشمیرکی صورتحال پر خاموش تھی لیکن سلامتی کونسل کے گزشتہ روز کے اجلاس کے بعد اب مظلوم کشمیریوں کی آواز کی گونج دنیا کے سب سے بڑے سفارتی فورم میں سنائی دی ہے۔





































