
اسلام آباد (ویب ڈیسک ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستانی نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے اور
مناسب مواقع ملنے پر وہ ہر میدان میں اپنی صلاحیتوں کا سکہ منواتے ہیں،کامیاب جوان پروگرام نہ صرف نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی بلکہ چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتوں کی ترقی کے فروغ میں بھی ممدو معاون ثابت ہوگا۔
نوجوانوں کی ترقی اور ان کو کاروباری مواقع فراہم کرنے کے سلسلے میں شروع کئے جانےوالے ”کامیاب جوان“ پروگرام پر بریفنگ لینے کے دوران ان کا کہنا تھا کہ
اجلاس میں اس بات کا فیصلہ کیا گیا کہ کامیاب جوان پروگرام کے دوسرے مرحلے کا باقاعدہ آغاز ستمبر کے پہلے ہفتے میں کیا جائے گا، جس کے تحت یوتھ انٹرپرینیوراسکیم، گرین یوتھ موومنٹ، اسٹارٹ اپ پاکستان، انٹرن شپ پروگرام، ہنرمند جوان اور نیشنل انٹر پرینور پروگرام شروع کئے جائیں گے۔
اجلاس میں وزیرِاعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان محمد عثمان ڈار، معاون خصوصی نعیم الحق، قائم مقام گورنر سٹیٹ بنک آف پاکستان جمیل احمد، صدر نیشنل بنک آصف عثمانی، صدر بنک آف خیبر سیف الاسلام، صدر بنک آف پنجاب خالد صدیق ترمذی، چیئرمین نادرا عثمان یوسف مبین، چیئرمین این ٹی سی، چیئرمین این آئی ٹی بی، سی ای او سمیڈا و دیگر سینئر افسران شریک تھے۔
معاون خصوصی برائے امور نوجوانان محمد عثمان ڈار نے وزیرِاعظم کو کامیاب جوان پروگرام پر بریفنگ دی اور پروگرام کے خدوخال سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ وزیرِاعظم کو بتایا گیا کہ نیشنل یوتھ ڈویلپمنٹ سٹرٹیجک روڈ میپ کے پہلے مرحلے میں نیشنل یوتھ ڈویلپمنٹ فریم ورک مرتب کیا جا چکا ہے اور نیشنل یوتھ کونسل تشکیل دی جا چکی ہے۔ دوسرے مرحلے میں کامیاب جوان پروگرام کا باقاعدہ اجراءستمبر سے کیا جا رہا ہے۔ کامیاب جوان پروگرام کے تحت یوتھ انٹرپرینیور سکیم، گرین یوتھ موومنٹ، اسٹارٹ اپ پاکستان، انٹرن شپ پروگرام، ہنرمند جوان (اسکل فار آل)، اور نیشنل انٹر پرینیور پروگرام شروع کئے جائیں گے۔
وزیرِاعظم کو بتایا گیا کہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت ایک مخصوص پورٹل کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔ پورٹل کے تحت پروگرام سے استفادہ کرنے والے نوجوانوں کا تمام ریکارڈ مرکزی سطح پرجمع ہو سکے گا اور مستند اور قابل اعتماد ڈیٹا میسر آئے گا۔ ماضی کے پروگرام اور موجودہ حکومت کی جانب سے جاری کئے جانے والے کامیاب جوان پروگرام کا تقابلی جائزہ پیش کرتے ہوئے وزیرِاعظم کو بتایا گیا کہ ماضی میں نوجوانوں کو کاروبار کے لئے قرض فراہم کرنے کا دائرہ کار نہایت محدود تھا لیکن کامیاب جوان پروگرام کے تحت اس دائرہ کار کو بڑھایا گیا ہے اور قرض کی فراہمی کے لئے دو درجے بنائے گئے ہیں۔ پہلی درجہ بندی میں نوجوانوں کو اپنا کاروبار شروع کرنے کے لئے ایک سے پانچ لاکھ روپے تک کے قرضے فراہم کئے جائیں گے جبکہ دوسری سطح پر پانچ سے پچاس لاکھ روپے تک کے قرضے فراہم کئے جائیں گے۔




































