
اسکردو(ویب ڈیسک )چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ سلیکٹڈ حکومت نے ملک کی خارجہ پالیسی
برباد کرکے رکھ دی اور اپنی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان کو دنیا بھرمیں تنہا کردیا ہے۔
اسکردو میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ گجرات کے قصائی مودی نے اگر کشمیریوں کو حقوق دیے ہیں تو وہ وہاں کرفیو کو اٹھا کر جلسہ کرے اور ریفرنڈم کرا کر دیکھ لے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر کا کیس لڑنے سے پہلے ہتھیار ڈالنے اور ناکام خارجہ پالیسی کے سبب کشمیر پر سودے بازی قبول نہیں کرنے دیں گے، بھٹو کا نواسا موجود ہے، اگر کشمیر پر کوئی سودے بازی کی تو تمہارا وہ حشر ہوگا کہ دنیا یاد رکھے گی، سلیکٹو حکمرانوں ہوش کے ناخن لو،گجرات کے قصائی مودی نے اگر کشمیریوں کو حقوق دیے ہیں تو وہ وہاں کرفیو کو اٹھا کر جلسہ کرے اور ریفرنڈم کرا کر دیکھ لے، نیب گردی اوراحتساب ساتھ ساتھ نہیں چل سکتا۔
بلاول بھٹونےکہا کہ عمران خان اور ان کی کابینہ کے لوگ ڈریں ظلم کرنے والوں کو اپنے ظلم کا حساب دینا ہو گا۔ بلاول کا کہنا تھا کہ مودی نے پورے کشمیر کو جیل بنا دیا ہے۔ فوج کے بوٹوں کی دھمک سے آزادی کے جذبے کو ختم نہیں کیا جا سکتا۔ ٹینک کے زور پر لوگوں کے دلوں پر حکومت نہیں کی جا سکتی۔ب
بلاول بھٹو نے کہا کہ مودی تم لیڈر نہیں قاتل ہو، تم نے پہلے گجرات کے مسلمانوں کو قتل کیا، اب کشمیریوں کے قاتل ہو، تمہیں تاریخ صرف قاتل اور قاتل کے نام سے یاد رکھے گی۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ گلگت بلتستان سے پیغام دیتا ہوں کہ بھٹو کا نواسا موجود ہے، اگر کشمیر پر کوئی سودے بازی کی تو تمہارا وہ حشر ہوگا کہ دنیا یاد رکھے گی، سلیکٹو حکمرانوں ہوش کے ناخن لو۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ میں ان سے کہتا ہوں کہ تاریخ سے سبق سیکھ لیں، بھٹو شہید نے ہتھیار نہیں ڈالے تھے۔بھارت سے 90ہزار جنگی قیدی چھڑائے اور ہزاروں رقبہ زمین واپس لی، یہ فرق ہوتا ہے عوام کے اصل نمائندوں اور سلیکٹو حکمرانوں میں۔
ان کا کہنا تھا کہ آج کشمیر کے مظلوم عوام پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ حکومت نے کشمیر کیس لڑنے سے پہلے ہی ہتھیار ڈال دیئے ہیں۔ ہر محب وطن پاکستانی پریشان ہے کہ کہیں کشمیر پر سودے بازی تو نہیں ہوگئی؟بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم نے اپنے ایک سالہ دور حکومت میں خارجہ پالیسی اور معیشت کو تباہ کردیا ہے، آج ایک طرف ملک کی معیشت آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دی گئی ہے اور دوسری طرف پاکستان کو سفارتی سطح پر دنیا میں پاکستان کو تنہا کردیا ہے۔
۔بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ عمران خان نے وعدہ کیا تھا حکومت میں آیا تو کرپشن ختم کردوں گا اور غیرجانبدارانہ احتساب کروں گا، لیکن یہ کیسا یکطرفہ احتساب ہے کہ 30 ارب کی پشاورمیٹرو 100 ارب کی ہوگئی اور کوئی پوچھنے والا نہیں، مالم جبہ کی کرپشن کی فائل چھپا دی جاتی ہے، دوسری جانب بغیر کسی ثبوت کے پوری اپوزیشن کو جیل میں ڈال دیا، یہ کیسا انصاف ہے کہ اپوزیشن انتقام کا نشانہ ہے اور خواتین کو بھی جیلوں میں ڈالا جارہا ہے، نیب گردی اوراحتساب ساتھ ساتھ نہیں چل سکتا، عمران خان اور ان کی کابینہ کے لوگ ڈریں ظلم کرنے والوں کو اپنے ظلم کا حساب دینا ہو گا۔




































