
اسلام آباد (ویب ڈیسک ،فوٹو فائل ) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے ملازمتوں سے
متعلق بیان کی ایک بار پھر وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک تقریب میں ملازمتوں کے حوالے سے میرے بیان کو غلط تناظر میں پیش کیا گیاہے ۔ میرا مدعا یہ تھا کہ سرکاری ملازمتوں کی فراہمی معیشت کا مستقل حل نہیں ہے۔
وفاقی وزیر فواد چوہدری نے اپنے وڈیو پیغام میں وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اگر تحریک انصاف نے ایک کروڑ نوکریوں کا کہا تھا تو اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ ایک کروڑ سرکاری نوکریاں فراہم کی جائیں گی ۔حکومت کا کام ایسے مواقع فراہم کرنا ہے جن سے ملازمتیں پیدا ہوں۔
فوادچوہدری نے کہا کہ ملک کی کل ملازمتوں میں حکومتی ورک فورس کا تناسب صرف 6 فیصد ہے، باقی 94 فیصد ملازمتیں پرائیویٹ سیکٹر کی ہیں، اگر ہم اس 6 فیصد کو دگنا بھی کردیں تب بھی روزگار کا مسئلہ حل نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اگر ایسا کیا بھی جائے تو معیشت کے ساتھ حکومتی ادارے بھی بیٹھ جائیں گے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ بے دریغ سرکاری ملازمتیں دیکر اداروں کو دیوالیہ کرنا پی پی اور ن لیگ کی حکومتوں کا وطیرہ تھا۔





































