
کراچی (رپورٹ :زین صدیقی )شہر قائد میں سبزیوں کی قیمتوں میں ہوش ربااضافہ ہوگیا ہے ۔غریب
شہری گوشت اوردالوں کے بعد اب سبزیاں خریدنے سے بھی محروم ہوگئے۔
پی ٹی آئی حکومت کے 14ماہ کے دوران شہرمیں سزیوں کی قیمتوں میں 200فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔درجہ اول کے آلو کی قیمت طویل عرصے سے 20روپے فی کلو تھی جو اب کئی ماہ سے 40روپے کلو پر براجمان ہے ۔ٹماٹر کی قیمت فی کلو تقریباًایک ماہ قبل 50روپے فی کلو تھی اب 90فیصد بڑھ کر 140روپے میں فروخت ہورہا ہے ۔
مارکیٹ میں بھنڈی 60روپے فی کلو تھی اب اس کی قیمت میں 50فیصد اضافہ ہواہے ،جس کے بعدبھنڈی 120روپے فی کلو فروخت ہورہی ہے ۔کریلے کی قیمت 150روپے پر آگئی ہے ۔ترئی کی قیمت بھی 100روپے کی حدعبور کر گئی ہے، ہری مرچیں 280روپے فی کلو،ہرادھنیہ وپودینہ کے نرح 100فیصد بڑھ گئے ہیں ،جبکہ لہسن اورادرک کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ ہواہے،شہری یہ سوچنے سمجھنے سے قاصر ہیں کہ قیمتیں کیوں بڑھائی گئیں اورکس نے بڑھائیں۔
شہریوں نے صورت حال پر سخت تشویش کا اظہارکیا ہے ،ایک خاتون خریدار صوبی عقیل نے کہا کہ حکومت نے مہنگائی کے تمام ریکارڈ رتوڑدیئے ہیں ۔عمران خان کی تبدیلی نے قوم کو مشکل میں ڈال دیا ہے ۔ام سعادنے کہا ڈیڑھ سوروپے میں ڈیڑھ لٹر پیٹرول بھی نہیں مل رہا ،کوکنگ آئل ،گھی ،چاول کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کررہی ہیں ،گوشت اور دالوں کے بعد اب سبزیاں بھی غریب عوام کی پہنچ سے باہر ہیں ۔
دانش صدیقی نے کہا کہ غریب آدمی خودکشی پر مجبورہے ،وہ اپنے بچوں کی ضروریات کیسے پوری کرے۔شہریوں نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے اپنی حکومت میں مہنگائی کاچوتھی بار نوٹس لیا ہے لیکن صورتحال جوں کی توں ہے۔انہوں نے وزیر اعظم عمران خان سے مطالبہ کیا ہے کہ عوام کو فوری ریلیف فراہم کرکے اپنی حکومت کے قیام کامقصد پور اکریں ،ورنہ عوام انہیں آئندہ انتخابات میںانہیں مسترد کردیں گے۔





































