اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اقتدار کی کرسی پرڈٹے رہنا ہماری منزل نہیں،ہم
ملک میں حقیقی تبدیلی لانا چاہتے ہیں۔
ملتان کی این اے 157 کی یونین کونسل 63سیتل ماڑی‘ یوسی 42‘یوسی 19میں مختلف استقبالیہ تقاریب سے خطاب اور وفود سے ملاقاتوں کے دوران ان کا کہنا تھا کہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی‘ ملک کو معاشی طور پر مضبوط اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنا چاہتے ہیں‘ زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ، تجارتی خسارے میں کمی اور دیگر مالی اشاریوں کا مثبت رجحان، ہماری معاشی بہتری کو ظاہر کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا سی پیک اور بیلٹ اینڈروڈ جیسے منصوبے ہماری حکومت کے شاندار منصوبے ہیں‘ سی پیک خطے میں تبدیلی کا استعارہ ہے، بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کے ذریعے ڈیجیٹل رابطوں، سیاحت، ثقافتی روابط اور پائیدار ترقی جیسے ثمرات حاصل ہونگے‘ ان منصوبوں کی تکمیل سے رکاوٹیں ختم ہونگی،دونوں ملکوں کے عوام قریب آئیں گے اور روابط کو فروغ ملے گا۔
شاہ محمود نے کہا ہم سی پیک کے دوسرے مرحلے میں داخل ہو رہے ہیں۔ اقتصادی راہداری کے دوسرے مرحلے میں ہماری توجہ صنعت سازی اور معاشی و معاشرتی ترقی پر مرکوز ہے۔ پاک چین اقتصادی راہداری کی تکمیل سے خطے میں معاشی ترقی اور خوشحالی کا دور دورہ ہو گا۔




































