
اسلام آباد(ویب ڈیسک،خبر ایجنسی ؎)قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب
ملک سے بدعنوانی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے احتساب سب کیلئے کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے بلاامتیاز احتساب کیلئے پرعزم ہے، احتساب کرنا جرم ہے تو یہ جرم کرتے رہیں گے۔
”کرپشن کے سدباب میں نوجوانوں کے کردار“کے عنوان سے فاطمہ جناح یونیورسٹی راولپنڈی میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نئی نسل ملک کو کرپشن فری بنانے کیلئے نیب کا ساتھ دے۔
چیئرمین نیب نے کہا کہ فاطمہ جناح یونیورسٹی راولپنڈی ملک کی بہترین درسگاہوں میں سے ایک ہے۔ نیب نے کرپشن کے خلاف اقدامات کا آغاز کرکے اپنی منزل کا تعین کر لیا ہے۔ نیب بلاامتیاز اپنی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔
چیئرمین نیب نے کہاکہ محنت کر کے خوابوں کو حقیقت میں بدلا جا سکتا ہے، طالب علموں کا مستقبل روشن مستقبل ملک کے مستقبل سے وابستہ ہے۔ نیب نے اپنے قیام سے لے کر اب تک 328 ارب روپے وصول کر کے قومی خزانے میں جمع کرائے جوکہ ایک ریکارڈ کامیابی ہے۔
انہوں نے کہاکہ نیب نے کرپشن کے خلاف عوام میں شعور بیدار کرنے اور ہم معاشرے میں تعمیری کردار کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔ وہ وقت دور نہیں جب پاکستان ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہوگا۔
جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہاکہ بدقسمتی سے ملک میں جنتی ترقی کرپشن نے کی ہے کسی اور شعبہ نے نہیں کی، یہ ایک کینسر بن چکی ہے، اس کی سرجری کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ نیب کسی لالچ، خوف اور دھمکی کے بغیر بدعنوانی کے خاتمے کیلئے کوشاں ہے۔ ؎
انہوں نے کہاکہ کرپشن نے ملک کو معاشی تباہی کے دہانے پر کھڑا کر دیا ہے، ہم کشکول اٹھانے کے بجائے معاشی طور پر خودکفیل ہوں تاکہ دنیا میں اپنا سر فخر سے بلند کر سکیں۔ چیئرمین نیب نے کہاکہ قائداعظم محمد علی جناح نے قیام پاکستان کے بعد اپنے خطاب میں دو خرابیوں کرپشن اور اقرباء پروری کی نشاندہی کی، ماضی میں ہم اس لعنت کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات نہیں کر سکے، کرپشن کا خاتمہ نیب کی پہلی اور آخری جستجو اور منزل ہے۔





































