
اسلام آباد(ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی )چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سابق صدر پرویز مشرف کے
عدالتی فیصلے کے حوالے سے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس معاملے کے حل کیلئے عدالتی فورم اور قانون موجود ہے۔پیرانمبر66فیصلے کا آپریشنل پیرا نہیں ہے ،یہ جج کی ذاتی رائے ہے۔اس کی آپریشنل حیثیت نہیں ہے۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےانہوں نے کہا کہ حکومت اور مشرف کیلئے معاملے کو حل کرنے کیلئے مختلف فورم موجود ہیں جبکہ عدالتی فورم اور قانون بھی موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کے فیصلے کے حوالے سے میں نے بات کر دی تھی۔
ایک سوال پر بلاول بھٹو نے کہا کہ پیرا66آپریشنل پیرا نہیں ہے اور اس کی آپریشنل حیثیت نہیں ہے ، یہ فاضل جج کی ذاتی رائے ہو سکتی ہے ، حکومت ہمیشہ الجھن کا شکار رہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اداروں کے درمیان تصادم نہیں ہوگا۔
اس سے قبل چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ایل او سی پر بھارتی فورسز کی فائرنگ سے 2پاکستانیوں کی شہادت کی مذمت کی اور شہداءکے لواحقین سے اظہار یکجہتی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ۔ انہوں نے کہا کہ مودی خطے میں امن کےلئے بدترین خطرہ بن چکا ہے ۔ عالمی برادری بھارت کی جانب سے ایل او سی کی مسلسل خلاف ورزیوں اور بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے کا نوٹس لے۔




































