
اسلام آباد (ویب ڈیسک ۔خبرایجنسی) قومی احتساب بیورو (نیب) راولپنڈی نے رکن قومی اسمبلی احسن اقبال کو گرفتار
کر لیا ہے، نیب نے ان کی گرفتاری سے متعلق سپیکر قومی اسمبلی کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔
نیب ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق احسن اقبال کو نارووال سپورٹس کمپلیکس سکینڈل میں گرفتار کیا گیا ہے۔ ان کا ڈاکٹروں کی ٹیم سے طبی معائنہ کرایا جا رہا ہے اور انہیں آ ج منگل کو جسمانی ریمانڈ کیلئے احتساب عدالت اسلام آباد میں پیش کیا جائے گا۔
نیب ترجمان نے کہا کہ نیب راولپنڈی رکن قومی اسمبلی احسن اقبال کی گرفتاری سے متعلق زمینی حقائق اور ریمانڈ سے متعلق احتساب عدالت اسلام آباد کو آج منگل کو آگاہ کرے گا۔ انہوں نے میڈیا سے اپیل کی کہ وہ اس حوالہ سے افواہوں سے گریز کریں۔ نیب ترجمان نے مزید کہا کہ ان کی گرفتاری سے متعلق سپیکر قومی اسمبلی کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔




































