
اسلام آباد(ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے ایک اہم بیان میں کہا ہے کہ پاک افغان معاملات کے
حل کیلئے امریکا کی ضرورت نہیں ۔وزیر خارجہ شاہ محمود کا غیر ملکی خبر ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان کو دو طرفہ معاملات کے حل کے لئے امریکا کی ضرورت نہیں ہے۔
مجھے افغانستان کے ساتھ کوئی مسئلہ ہوا تو میں امریکا سے کردار ادار کرنے کا نہیں کہوں گا بلکہ میں خود رابطہ کروں گا۔ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ افغانوں کو سمجھنا چاہیے کہ امریکا یہاں سے نکل رہا ہے جبکہ ہم ہمیشہ ہمسائے رہیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں جلدی قیدیوں کے تبادلے سے معاملات آگے بڑھیں گے۔ قیدیوں کے تبادلے سے دونوں فریقوں کے درمیان اعتماد سازی ہوگی۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ قیدیوں کے تبادلے سے یہ پیغام جائے گا کہ سب اپنے ماضی سے نکل چکے ہیں اور مستقبل پر نظر ہے۔




































