
اسلام آباد (ویب ڈیسک،خبر ایجنسی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نے بلا سوچے سمجھے 21 دن کا لاک
ڈاؤن کیا اور انہیں قوم سے معافی مانگنا پڑی، اسی لئے وزیر اعظم عمران خان لاک ڈاؤن سے اتفاق نہیں کر رہے۔ اپنے ایک بیان میں وزیر خارجہ نے کہا کہ سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان سے میری تفصیلی گفتگو ہوئی، میں نے کورونا کی وجہ سے سعودی عرب میں ہونے والی دس کے قریب اموات پر اظہار تعزیت اور اظہار یکجہتی کیا۔ ہمارے بہت سے عمرہ زائرین جو سعودی عرب میں پھنسے ہوئے تھے ان کی اکثریت بخیریت اب اپنے گھروں میں پہنچ چکی ہے، میں نے اس تعاون پر بھی ان کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ حج کی ادائیگی کے حوالے سے بھی سعودی وزیر خارجہ سے گفتگو ہوئی، صورتحال کا ہم جائزہ لے رہے ہیں صورتحال ابھی واضح نہیں ہے۔
سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ عمرے کی ادائیگی پر پابندی اور مساجد کی بندش بہت مشکل فیصلے تھے لیکن انسانی جانوں کو بچانے کیلئے یہ مشکل اقدامات اٹھانے پڑے اور دین اس بات کی اجازت دیتا ہے۔ ہم نے یہ بھی طے کیا کہ ہم کورونا وبائی چیلنج اور دیگر علاقائی امور پر مشاورت کیلئے رابطے میں رہیں گے۔ ہم سعودی عرب کے ساتھ مل کر او آئی سی کے تمام ممبر ممالک کے ساتھ رابطے میں رہیں گے تاکہ ایک مربوط حکمت عملی بنائی جا سکے۔





































