
اسلام آباد (ویب ڈیسک،خبر ایجنسی) وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے
کہ حکومت کورونا وائرس وباء کے دوران معاشی مسائل سے نمٹنے کیلئے کوشش کر رہی ہے، وفاقی حکومت کی نگرانی میں تین اہم اسکیمیں جاری ہیں جو صرف مستحق لوگوں کیلئے ہیں، ملک بھر سے 1 کروڑ 60 لاکھ لوگوں نے امدادی پیکیج کیلئے درخواستیں جمع کرائی تھیں جن میں سے صرف 40 لاکھ لوگوں کا انتخاب کیا گیا ہے کیونکہ باقی امدادی پیکیج کے معیار پر پورا نہیں اتر رہے تھے۔
ریڈیو پاکستان کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے کورونا وائرس بحران کے دوران مستحق لوگوں کی مدد کیلئے جو پروگرام شروع کئے ہیں ان میں کوئی سیاسی مداخلت یا پسند نا پسند نہیں ہے، مستحق خاندانوں تک انتہائی شفاف طریقے سے امداد پہنچائی جائے گی۔ چوہدری فواد حسین نے وزیراعظم عمران خان کی طرف سے تعیمراتی صنعت کیلئے بڑے پیمانے پر اعلان کردہ پیکیج کو سراہا اور کہا کہ اس سے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ تعمیراتی صنعت کی دوبارہ بحالی سے اس سے جڑی دیگر صنعتیں بشمول سینٹریز ٹائلز اور پینٹ بنانے والی انڈسٹریز بھی کام شروع کر دیں گی، اس کے علاوہ انجنیئرز، پلمبرز اور لیبرز کیلئے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی نے کہا کہ حکومت کا یہ اقدام موجودہ مشکل وقت میں لوگوں کیلئے بڑا ریلیف ثابت ہو گا۔





































