
اسلام آباد(ویب ڈیسک)ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی اداروں کی مشاورت
سے ترقی پذیر ممالک کو قرضوں میں ریلیف کا جائزہ لینے کیلئے ہم خیال گروپ بنائے گا۔
ترجمان نے کہا کہ جنرل اسمبلی، اقتصادی و سماجی کونسل سمیت اقوام متحدہ کی جانب سے قرضوں میں ریلیف کے حوالے سے وزیر اعظم کے عالمی اقدام کے مطالبے کو بڑے پیمانے پر پذیرائی ملی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ اور دلچسپی رکھنے والے دیگر ممالک کی مشاورت سے قرضوں میں ریلیف کے حوالے سے مزید اقدامات کا جائزہ لینے کی غرض سے ہم خیال گروپ بنائے گا۔گروپ کووڈ۔19وبا سے نبرد آزما ترقی پذیر ممالک کو قرضوں کے چیلنج سے نکالنے کیلئے کوشش کرے گا۔ وزیراعظم عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اس سلسلے میں دیگر عالمی رہنماؤں سے رابطے کر رہے ہیں۔




































