
کراچی(ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سمیت سندھ سے تعلق رکھنے والے قومی اسمبلی کے تمام
ارکان کے کورونا ٹیسٹ کیے جائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت کی جانب سے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ارکان اسمبلی کے کورنا ٹیسٹ کرنے کی ہدایت موصول ہوگئی ہے جس کے بعد سندھ کے ارکان قومی اسمبلی کو ڈپٹی کمشنرز نے ٹیسٹ کیلئے بلانا شروع کردیا ہے۔کراچی، حیدرآباد، سکھر، تھرپارکر کے ڈپٹی کمشنرز کو بھی ارکان اسمبلی کے ٹیسٹ کرنیکی ہدایت کی گئی ہے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت سے پہلے تمام ایم این ایز کے ٹیسٹ ہوجائیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا بھی قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت سے پہلے کورونا ٹیسٹ ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی کے تمام ارکان کو کورونا ٹیسٹنگ رپورٹ دینا ہوگی، ارکان قومی اسمبلی سیشن میں آنے کیلئے اپنی سہولت کے مطابق کورونا ٹیسٹ کرائیں گے۔اس سلسلے میں سندھ سے مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی کھیئل داس نے تصدیق کی ہے کہ ان سے ڈپٹی کمشنر جامشورو نے کورونا ٹیسٹ کے لیے رابطہ کیا ہے۔





































