
اسلام آباد (ویب ڈیسک) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ملک میں ٹڈی دلوں کے حملوں پر قابو پانے کے لئے وفاقی حکومت سے
بلاتاخیر نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ وفاق اور سندھ حکومت کے مشترکہ اجلاس میں طے شدہ ایکشن پلان پر عملدرآمد میں تاخیر زراعت کے ساتھ ساتھ ملک کی معیشت کے لئے بھی خطرناک ہوگا۔
اپنے بیان میں پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومتوں کے مابین ہونے والے اجلاس میں یہ طئے کیا گیا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت کم سے کم 12 طیارے کرائے پر حاصل کیے جائیں گے، جن کے ذریعے بلوچستان کے ان علاقوں میں اسپرے کیا جانا تھا، جو ٹڈیوں کے داخلی راستہ ہیں۔ لیکن وفاقی حکومت بلوچستان میں مطلوبہ تعداد میں طیارے استعمال کرنے کے بجائے صرف ایک طیارے اور تین ہیلی کاپٹرز کے ذریعے اسپرے کیا جا رہا ہے، جو بڑی تعداد میں موجود ٹڈیوں کو کنٹرول نہیں کرسکیں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے نشاندھی کرتے ہوئے کہا کہ ٹڈیوں کے دل سندھ کے اضلاع کشمور، لاڑکانہ، عمرکوٹ اور تھرپارکر میں بھی داخل ہو چکے تھے۔ وفاقی حکومت کے پلانٹ پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ کی یہ کلیدی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ فضائی سپرے کروائے، جب حکومت سندھ نے مذکورہ ادارے کو کیڑے مار ادویات اور گاڑیاں بھی مہیا کردیں ہیں۔





































