
اسلام آباد (ویب ڈیسک)وزیراعظم عمران خان نے پارلیمنٹ ہاؤس میں واقع اپنے چیمبر میں بعض وفاقی وزراء اور اراکین پارلیمنٹ سمیت اقلیتی
اراکین کے وفد سے ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں قومی اسمبلی اور سینٹ کے جاری اجلاس سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔
مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان، چیف وہیب عامر ڈوگر و دیگر نے وزیراعظم عمران خان کو بجٹ اجلاس اور پارلیمانی امور سے متعلق آگاہ کیا اور بتایا کہ رواں ہفتے کے دوران ہی بجٹ قومی اسمبلی سے منظور کرلیا جائیگا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے ہدایات دی ہیں کہ پی ٹی آئی اور اس کی اتحادی جماعتوں کے تمام اراکین کی بجٹ کی منظوری کے دوران ایوان میں حاضری یقینی بنائی جائے۔ وہ خود بھی چیمبر میں موجود رہیں گے اور جب ووٹنگ ہوگی تو اس میں بھی حصہ لیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے مشکل وقت میں ایک بہترین بجٹ دیا ہے اس میں وسائل کو سامنے رکھتے ہوئے غریب آدمی پر فوکس کیاگیا ہے اور سماجی شعبے پر زیادہ فنڈز خرچ کئے جائینگے۔ اقلیتی ارکان کے ایک وفد نے بھی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی جس میں شنیلا روتھ، جے پرکاش،لال چند ملہی شامل تھے وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ حکومت اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائے گی اور انہیں اپنی مذہبی عبادات و رسومات کی ادائیگی میں مکمل آزادی حاصل ہے۔
ملاقات کے بعد شنیلا روتھ نے میڈیا کو بتایا کہ ہم اسلام آباد میں ایک ایسی جگہ بنانے جارہے ہیں جہاں چرچ، مندر، مسجد سب عبادتگاہیں ہونگیں جبکہ وزیراعظم نے وفاقی وزیر مذہبی امور کو ہدایت کی ہے کہ مذہب کی جبری تبدیلی کے معاملے پر جلد بل لایا جائے۔





































