
اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے ملک بھر میں گندم کی ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کے
خلاف فوری کریک ڈاو¿ن کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گندم اور آٹے کی وافر دستیابی کو یقینی بنانے اور قیمتوں کو یکساں سطح پر لانے کے لئے بین الصوبائی کوآرڈینیشن کو مزید بہتر بناتے ہوئے جامع اور منظم انتظامی اقدامات کو بھی یقینی بنایا جائے۔
وہ یہاں ملک بھر میں عوام الناس کو گندم اور آٹا کی مناسب قیمت پر فراہمی کو یقینی بنانے اور قیمتوں پر قابو رکھنے کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں وفاقی وزراءحماد اظہر، سید فخر امام، مشیران ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، عبدالرزاق داو¿د، معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل و دیگر سینئر افسران شریک ہوئے جبکہ صوبائی چیف سیکرٹری صاحبان نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق اجلاس میں چینی کی مناسب نرخوں پر دستیابی کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔ چیف سیکرٹری پنجاب اور خیبر پختونخوا کی جانب سے گندم کی صورتحال اور گندم اور آٹے کی قیمتوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
چیف سیکرٹری پنجاب نے بتایا کہ صوبہ پنجاب کے تمام شہروں میں بیس کلو آٹے کا تھیلا 860 روپے پر فراہم کیا جا رہا ہے، گندم کی وافر دستیابی کو یقینی بنانے کے لئے حکومت پنجاب کی جانب سے اٹھارہ ہزار ٹن گندم روزانہ کی بنیاد پر ریلیز کی جا رہی ہے۔ صوبہ خیبر پختونخوا کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے تقریباً بیس فیصد آٹا خیبر پختونخوا کو بھجوایا جا رہاہے۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے صوبے میں چینی کی دستیابی اور قیمتوں کے بارے میں بھی تفصیلی بریفنگ دی۔




































