
اسلام آباد (ویب ڈیسک ) پیپلز پارٹی کی مرکزی ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات پلوشہ خان نے وفاقی وزیر مراد
سعید کی طرف سے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے خلاف کی گئی پریس کانفرنس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مراد سعید نے آج نامعلوم جگہ سے پریس کانفرنس کی۔
یا تو جادوگرنی نے پریس کانفرنس سے صحافی غائب کر دئیے یا پھر مراد سعید میں یہ حوصلہ نہیں کہ وہ صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے۔ پلوشہ خان نے کہا کہ جادوگرنی کبھی ادویات غائب کرتی ہے تو کبھی آٹا، چینی اور پٹرول جس کا مالی فائدہ بنی گالہ کو ہی جاتا ہے۔
پلوشہ خان نے کہا کہ ظالم جادوگرنی نے پلک جھپک کر اسٹیل ملز کے 10000 مزدوروں کو بیروزگار کرکے ان سے روزی کا ذریعہ غائب کیا اب وہ پی آئی اے کو غائب کرنا چاہتی ہے۔ پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی عبدالقادر پٹیل نے اپنے ردعمل میں کہا کہ عمران خان کی یہ حالت ہوگئی ہے کہ مراد سعید کے پیچھے چھپ رہے ہیں۔
مراد سعید نے تو آج تک اپنی وزارت کی کارکردگی بھی نہیں نہیں بتائی۔ صرف یہ کہتے رہے ہیں کہ وہ سخت محنت کے بعد اسمبلی پہنچے ہیں۔ قادر پٹیل نے کہا کہ انہوں نے پہلے بھی مراد سعید کو چیلنج دیا تھا مگر مراد سعید نہ صرف بھاگ گئے بلکہ اب چھپ کر پریس کانفرنس کرتے ہیں۔




































