
اسلام آباد (ویب ڈیسک)قومی اسمبلی میں پیٹرولیم قیمتوں پر بحث کرانے کی تحریک التواء مسترد کردی گئی،جبکہ وفاقی وزیر توانائی
عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ پٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی مالی بل کا حصہ بن چکی ہے اور یہ معاملہ لاہور ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہے اس پر یہاں بات نہیں ہو سکتی۔
قومی اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی سید نوید قمر نے قیمتوں میں اضافے پر بحث کے لئے تحریک التوا پیش کی۔ وفاقی وزیر عمر ایوب نے تحریک التواء کی مخالفت کر دی۔ نوید قمر نے کہا کہ دنیا بھر میں پیٹرول کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی ہوئی۔ پیٹرول بحران حکومت کی غفلت سے پیدا ہوا۔ حکومت نے بروقت پیٹرول نہیں منگوایا۔ پیٹرول کمپنیاں مہنگا پٹرول خرید کر سستا نہیں بیچ سکتی تھیں۔ حکومت بروقت پٹرولیم مصنوعات منگواتی تو عوام کو سستے داموں مل سکتا تھا۔
وزیر کو مخالفت کرنے کی بجائے جواب دہ ہونا چاہیے تھا۔ وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب نے اس کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ کہا کہ پٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی میں اضافہ نہیں ہوا۔ لاہور ہائیکورٹ میں یہ کیس چل رہا ہے۔ پی ڈی ایل فنانس بل میں آ چکی ہے۔ اب اس پر بات کرنا فضول ہو گا۔ نوید قمرنے کہا کہ ہمارے قواعد اس معاملے کو پارلیمنٹ میں زیر بحث لانے کی اجازت دیتے ہیں۔ ڈپٹی سپیکر نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر بحث کی تحریک مسترد کر دی۔





































