
اسلام آباد (ویب ڈیسک)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی طرف سے امریکہ کی درخواست پر
کی جانے والی سعودی عرب اور ایران کے مابین ثالثی کی کوششیں کامیاب جارہی ہیں ۔ جرمن میڈیا کے مطابق یہ بات عمران خان نے پیر تین اگست کو عرب نشریاتی ادارے الجزیرہ کے ساتھ ایک انٹرویو میں کہی۔ عرب ٹی وی نے انٹرویو کے کچھ حصے تین اگست کو نشر کر دئیے، مکمل انٹرویو بدھ پانچ اگست کو نشر کیا جائے گا۔
وزیر اعظم نے کہاکہ ہماری سعودی عرب اور ایران کے مابین ثالثی کی کوششیں رکی نہیں ہیں، ہمیں کامیابی حاصل ہو رہی ہے لیکن سست رفتاری سے۔پاکستانی وزیر اعظم نے بتایاکہ ہم نے ایران اور سعودی عرب کے مابین فوجی تصادم کا راستہ روکنے کی پوری کوشش کی اور ہماری یہ کوشش کامیاب رہی۔
یاد رہے کہ پاکستانی وزیر اعظم کو خلیج کے خطے کی دو طاقت ور تاہم حریف ریاستوں کے طور پر سعودی عرب اور ایران کے مابین ثالثی کی درخواست امریکا نے کی تھی۔ واشنگٹن میں ٹرمپ انتظامیہ کی درخواست کے بعد ہی عمران خان نے گزشتہ برس اکتوبر میں تہران اور ریاض کے دورے کیے تھے۔ان دوروں کا مقصد ایران اور سعودی عرب کے مابین بات چیت میں سہولت کاری تھا۔





































