
اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیرِاعظم عمران خان نے ملک میں سیاحتی مقامات کے فروغ اور تعمیر و ترقی کے لئے حکمت عملی و منصوبہ
بندی کے فوری آغاز کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں مختلف قسم کی سیاحت کے فروغ سے معاشی عمل میں تیزی آئے گی اور مقامی آبادیوں کے لئے نوکریوں اور روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں گے، اس حوالے سے سرکاری ملکیتی عمارات کو مثبت انداز میں بروئے کار لانے کے لئے بھی اٹھائے جانے والے اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جائے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملک میں سیاحت کے فروغ کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات کے حوالے سے اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
وزیراعظم میڈیا آفس کے مطابق وزیرِ اعظم کی ہدایت پر ملک میں سیاحت کے فروغ اور اس حوالے سے بین الصوبائی روابط اور کوآرڈینیشن کو بہتر بنانے کے لئے نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی برائے سیاحت کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔ و
زیراعظم نے ہدایت کی کہ این سی سی کے اجلاس باقاعدگی سے منعقد کئے جائیں۔ اجلاس میں صوبہ پنجاب اور صوبہ خیبر پختونخوا میں ٹورازم اتھارٹی کے قیام کے عمل کو جلداز جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے، سیاحتی مقامات پر ناجائز تجاوزات کے خاتمے کیلئے فوری طور پر مہم کے آغاز اورسیاحتی مقامات کے حوالے سے جامع اور مفصل ویسٹ منیجمنٹ پلان تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔
وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ آئندہ 10 سالوں (2020-30ء) کے لئے نیشنل ٹورازم سٹرٹیجی کو حتمی شکل دے دی گئی ہے تاکہ وفاق اور صوبوں کے درمیان بہتر کوارڈینیشن اور ملک میں سیاحت کے فروغ کے لئے منظم اقدامات اٹھائے جا سکیں۔
اجلاس میں وزیر برائے بحری امور سیّد علی حیدر زیدی، وزیرِاعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، وزیرِاعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان، معاونین خصوصی لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ، سیّد ذوالفقار عباس بخاری، ڈاکٹر شہباز گل، وزیرِاعلیٰ پنجاب کے مشیر آصف محمود، صوبائی چیف سیکرٹری صاحبان و دیگر سینئر افسران شریک ہوئے۔





































