
اسلام آباد(ویب ڈیسک ،مایجنسی،فوٹو فائل )وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ
جمہوریت اور اظہاررائے کا حامی ہوں، جس رکن کو مجھ پر اعتماد نہیں وہ ابھی کھل کر اظہارکرے، آپ ضمیر کی آواز ووٹ دیں اگر میں غلط ہوں تو میرا ساتھ بیشک چھوڑ دیں، ہار جیت اور نشیب وفراز سمجھتا ہوں اور مجھ سے زیادہ کسی نے ہار جیت نہیں دیکھی ہر مشکل سے سرخرو ہو کر نکلا ہوں ،جن لوگوں نے ووٹ بیچے ہیں ان کیخلاف کارروائی ہوگی۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پارلیمانی پارٹی اجلاس ہوا جس میں پی ٹی آئی اور اتحادی جماعتوں کے ارکان شریک ہوئے ،وزیراعظم نے اعتماد کا ووٹ لینے کے فیصلہ پر ارکان کو اعتماد میں لیا،پی ٹی آئی ارکان نے اجلاس میں وزیراعظم کے حق میں نعرے لگائے اجلاس کے دوران خیبر پختونخواہ سے تعلق رکھنے والے ارکان جذباتی ہوگئے اور کہا کہ وزیر اعظم صاحب حلقہ ہم سنبھالیں گے آپ اپنے مقصد پرڈٹے رہیں۔
اجلاس کے دوران قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزیراعظم کے اعتماد کے ووٹ لینے کے حوالے سے حکمت عملی طے کی گئی اور اراکین کو ہر صورت میںشرکت یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ۔وزیراعظم نے اجلاس کے دوران حکومتی و اتحادی اراکین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اتحادیوں کا شکر گزارہوں جنہوںنے ہر مشکل وقت میں میرا ساتھ دیا ، زندگی میں مجھ سے زیادہ ہار جیت کسی نے نہیں دیکھی اور مجھ پر کوئی نہ کوئی مشکل آتی رہی ہے لیکن ہر مشکل سے سرخرو ہو کر نکلا ہوں ۔
وزیر اعظم نے کہاکہ جس رکن کو مجھ پر اعتماد نہیں وہ ابھی کھل کر اظہارکرے ، میں اس کی بھی قدر کروں گا کیونکہ اظہار رائے ہر ایک کا حق ہوتا ہے اور جمہوریت اور اظہاررائے کا حامی ہوں ۔وزیراعظم نے کہاکہ ہمارے 16ارکان نے پیسے لے کرسینیٹ میں ہمارے ساتھ دھوکہ کیا کیونکہ پیسے لے کر ووٹ دینا بدنیتی ہے ۔وزیراعظم نے اراکین سے کہا کہ آپ ضمیر کی آواز ووٹ دیں اگر میں غلط ہوں تو میرا ساتھ بیشک چھوڑ دیں ۔وزیراعظم نے کہاکہ عوام نے ووٹ کی امانت دے کر ہم سب کو ایوان میں بھیجا اور ہمیں عوام کی امانت میں خیانت نہیں کرنی چاہیے اور عوام کی امانت کا سودا نہیں کرنا چاہیے ۔
انہوں نے کہاکہ ہار جیت اور نشیب وفراز سمجھتا ہوں اور مجھ سے زیادہ کسی نے ہار جیت نہیں دیکھی مگر ہر مشکل کا ڈٹ کا مقابلہ کیا اور ہر مشکل میں سرخرو ہوا ہوں ۔انہوںنے کہاکہ ملک کو لوٹنے والے سارے چور میرے خلاف اکٹھے ہو گئے ہیں تاہم میں بھی ان کے سامنے ڈٹ کر کھڑا ہوں ۔وزیراعظم نے کہا کہ پیسے لیکر ضمیر بیچے گئے جس کے باعث حکومتی امیدوار حفیظ شیخ کو سینٹ الیکشن میں شکست ہوئی اور جن لوگوں نے ووٹ بیچے ہیں ان کیخلاف کارروائی ہوگی ۔




































