
اسلام آباد(ویب ڈیسک)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ دستور پاکستان
خواتین کومساوی حقوق کی ضمانت دیتا ہے، قانون سازی، پالیسی، ادارہ جاتی اور انتظامی موثر اقدامات کے ذریعے خواتین کو سیاسی، معاشی اور سماجی طورپر بااختیار بنانے میں ہم نے نمایاں پیش رفت کی ہے ،خواتین نے کورونا وبا کیخلاف قوم کے اجتماعی ردعمل ، بحالی کی کوششوں میں موثر کردار ادا کیا،اس دن کو مناتے ہوئے ہم غیرقانونی طورپر مقبوضہ جموں وکشمیر کی خواتین کی حالت زار کو فراموش نہیں کرسکتے،عالمی برادری ان سنگین جرائم کا ادراک کرتے ہوئے بھارت کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کرے۔
خواتین کے عالمی دن پر پیغام میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عالمی برادری کے ساتھ مل کر ہم نے خواتین کا عالمی دن منا یا ، یہ خواتین کو بااختیار بنا کر ترقی کی خوشیاں منانے اور ہمارے اجتماعی عزم کی تجدید کا موقع ہے کہ ہم خواتین کے حقوق کے فروغ اور احترام کے لئے کوششیں مزید تیز کریں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اس سال خواتین کے عالمی دن کے موقع پر خواتین کی قیادت،کورونا وبا سے متاثرہ دنیا میں مساوی مستقبل کا حصول کے منتخب کردہ عنوان کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ کورونا وبا کے مشکل دور میں پاکستان میں خواتین نے بے مثال جرات اور قائدانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا اور کورونا وبا کے خلاف قوم کے اجتماعی ردعمل اور بحالی کی کوششوں میں موثر کردار ادا کیا ہے۔ صحت عامہ کے عملے، بنیادی سطح پر دیکھ بھال کی فراہمی، ایجادات، انسانی حقوق کے دفاع اور معاشرے کی تنظیم سازی کے پہلوﺅں سے ہماری خواتین نے ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے۔




































