
ڈیرہ اسماعیل خان( ویب ڈیسک ،فوٹو فائل )پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل
الرحمان نے کہا ہے کہ استعفوں کے بغیر لانگ مارچ کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا، تمام جماعتوں کے ممبران اسمبلی کے استعفیٰ اپنی اپنی جماعتوں کے سربراہان کو پہنچ چکے ہیں، 15 مارچ کو پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں حتمی فیصلہ کیا جائے گا اور لانگ مارچ کا طریقہ کار ترتیب دیا جائے گا۔
وہ جامعہ معارف الشرعیہ میں ضلع ڈی آئی خان، ضلع ٹانک کی مجالس شوریٰ اور ضلع ڈی آئی خان کی تحصیلوں کی مجالس عاملہ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے، اس موقع پر ایم این اے مولانا اسعد محمود، مولانا فضل الرحمان درخواستی، ممبر صوبائی اسمبلی مولانا لطف الرحمان، سینئر نائب امیر مولانا عبید الرحمان، سابق ایم پی اے عبدالحلیم قصوریہ، سابق تحصیل ناظم پروآ سردار امتیاز بلوچ اور ضلعی جنرل سیکریٹری چوہدری محمد اشفاق ایڈوکیٹ ، ضلعی امیر ٹانک مولوی امیر جان بھی موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اس ملک کے وفادار ہیں کسی ایک ادارہ کے وفادار نہیں بن سکتے، ہم نے کبھی بھی مسلک کا فرق نہیں کیا پوری قوم کو ساتھ لیکر چلے ہیں فرقہ واریت میں ہمیشہ ریاستی ادارے ملوث رہے ہیں وہ اپنے مفادات کے لیئے قوم کو ایک نہیں دیکھنا چاہتے۔
انہوں نے کہا کہ 2008، 2013 کے الیکشن بھی انجنیئرڈ تھے لیکن ہم نے برداشت کیا اور اسٹبلشمنٹ کو اس حوالے سے سمجھایا کہ اس طرح ملک نہیں چلے گا، لیکن انہوں نے 2018 میں پھر وہی کام کیا اور ایک ناجائز حکومت کو جعلی اکثریت کے ساتھ ہم پر مسلط کردیا جو ناقابل برداشت ہے، اس جعلی حکومت کو ہٹانے کے لیئے ہمیں جان و مال کی قربانی دینی ہوگی، ہم زندگی کی بھیک کسی سے نہیں مانگتے یہ اللہ کے ہاتھ میں ہے ہم نے کبھی کسی ڈکٹیٹر کے آگے سر نہیں جھکایا ، چھبیس مارچ کو پورے ملک سے قافلوں کی روانگی پنڈی اسلام آباد کی طرف ہوگی ، کارکن بھرپورتیاری کریں، یہ آخری معرکہ ہوگا، اس ناجائز حکومت سے جان چھوٹے گی تو عوام کے مسائل حل ہونگے تباہ شدہ معیشت بحال ہوگی، مہنگائی ختم ہوگی اور اداروں کو اپنی حدود کے اندر رکھا جائے گا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جے یو آئی کے ضلعی امیر مولانا لطف الرحمان ایم پی اے، سینئر نائب امیر مولانا عبید الرحمان، مولانا فضل الرحمان درخواستی، چوہدری اشفاق ایڈوکیٹ، مولوی امیر جان نے کہا کہ ہم چھبیس مارچ کو فیصلہ کن اقدام کی طرف جارہے ہیں تمام جمہوریت پسند جماعتوں کے کارکن لانگ مارچ میں بھرپور شرکت کرینگے تاکہ اس سلیکٹیڈ حکومت کا خاتمہ کیا جاسکے ۔




































