
اسلام آباد (ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی)وزیراعظم عمران خان نے میر محمد صادق
سنجرانی کو چیئرمین سینیٹ اور مرزا محمد آفریدی کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ بننے پر مبارکباد دی ہے۔ہفتہ کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ مجھے خوشی ہے کہ پاکستان کے پسماندہ اور ماضی میں پیچھے رہ جانے والے علاقوں کی قومی دھارے میں شمولیت کی میری حکمتِ عملی کے تحت یہ دو اہم عہدے بلوچستان اورسابق قبائلی علاقوں(فاٹا)کو میسر آئے۔
واضح رہے گزشتہ روز حکومتی اتحاد کے امیدوار سینیٹر صادق سنجرانی 48 ووٹ حاصل کر کے چیئرمین سینیٹ اور مرزا محمد آفریدی 54 ووٹ حاصل کر کے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ منتخب ہوئے جبکہ چیئرمین سینیٹ کیلئے اپوزیشن کے امیدوار سینیٹر سید یوسف رضا گیلانی 42 ووٹ اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے لئے مولانا عبدالغفور حیدری کو 44 ووٹ لیکر شکست ہوئی۔ایوان بالا کے اجلاس میں سینیٹ کے 100 ارکان میں سے 98 ارکان نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا، ایک رکن محمد اسحاق ڈار کا نوٹیفکیشن الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے معطل ہے جبکہ جماعت اسلامی پاکستان کے سینیٹر مشتاق احمد خان غیر حاضر رہے تھے ۔




































