
چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج
درپیش اور مستقبل کے ہر ممکن خطرے کے خلاف بھرپور طور پر تیار ہیں۔انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے یہ بات بہاولپور گیریژن کے دورے کے موقع پر کہی جہاں انہیں آپریشنل، تربیتی اور انتظامی امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
دورے کے دوران فیلڈ مارشل نے خیرپور ٹامیوالی میں جاری جنگی مشقوں کا مشاہدہ کیا، جہاں جدید ڈرونز، الیکٹرانک وارفیئر اور جدید سرویلنس ٹیکنالوجیز کا عملی مظاہرہ پیش کیا گیا،آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مستقبل کی جنگوں کے تقاضوں کے مطابق تیاریوں، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور جدت کو اپنانے کی اہمیت پر زور دیا۔اس موقع پر فیلڈ مارشل نے روہی ای اسکلز لرننگ حب کا افتتاح کیا اور ڈیجیٹل تعلیم کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا، جبکہ اے پی ایس عباسیہ کیمپس کا افتتاح کر کے معیاری تعلیم کے لیے پاک فوج کے عزم کو بھی دہرایا۔
مزید برآں، فیلڈ مارشل نے ای ایم ای ریجنل ورکشاپ کا دورہ کیا، جہاں انہیں جدید عسکری پلیٹ فارمز کی دیکھ بھال اور تکنیکی صلاحیتوں پر بریفنگ دی گئی،دورے کے اختتام پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی اور مادرِ وطن کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔





































