
اسلام آباد (ویب ڈیسک، فوٹو فائل ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے خیبرپختونخوا حکومت کے ساتھ معاملات بہتر بنانے کے
لیے ڈھائی سال تک ہر ممکن کوشش کی، تاہم اتفاق رائے کے قریب پہنچنے کے بعد مذاکرات سبوتاژ ہوگئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے لیے اب نہیں تو کبھی نہیں کی صورت حال پیدا ہوگئی تھی، جس کے باعث مجبوراً گورنر راج کا فیصلہ کرنا پڑا۔
مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ڈھائی سال تک کوشش کی جاتی رہی کہ معاملات کو بہتر بنایا جائے۔ مذاکرات کے دوران کئی امور پر اتفاق رائے ہونے کے قریب تھا، تاہم آخری مرحلے پر پی ٹی آئی کے وفد نے مؤقف اختیار کیا کہ اسے صوبائی حکومت سے بات کرنا ہے۔
وزیراعظم نے الزام عائد کیا کہ شاید پی ٹی آئی کے وفد کو وہاں سے ایک اور 9 مئی جیسا واقعہ کرنے کی ہدایت دی گئی تھی جس کے نتیجے میں تمام معاملات خراب ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی دہشت گردوں کے خلاف ایک لفظ بولنے کے لیے بھی تیار نہیں۔وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو بھی تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی تھی جبکہ سہیل آفریدی سے بھی ملاقاتیں ہوئیں۔ ان کے مطابق سابق وزیراعلیٰ نے جس نوعیت کی باتیں کیں، ایسی باتیں کوئی دشمن بھی نہیں کرسکتا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے الزام لگایا کہ پی ٹی آئی کے دورِ حکومت میں دہشت گردوں کو خیبرپختونخوا واپس لایا گیا، جبکہ صوبے میں اس کی حکومت قائم ہونے کے بعد سوات میں دہشت گرد دوبارہ سرگرم ہونا شروع ہوگئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی حکومت ترقی کا سفر روکنے پر تلی ہوئی تھی اور اس کے رہنما آج تک ڈی چوک سے باہر نہیں نکلے۔
وزیراعظم نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام نے پاکستان کی خوشحالی اور امن کے لیے ہمیشہ قربانیاں دی ہیں، سیاست دانوں نے بھی صوبے میں امن کے قیام کے لیے قربانیاں دیں، جن کے نتیجے میں امن قائم ہوا تھا۔




































