
واشنگٹن ( ویب ڈیسک ،فوٹو فائل ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف جوہری ہتھیار استعمال نہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے ایران میں
امریکی زمینی فوج تعینات کرنے کا امکان بھی مسترد کردیا ۔نیوز میکس کو دئیے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ امریکا ایران کے خلاف جوہری ہتھیار استعمال نہیں کرے گا ، نہ ہی ان کا ایران میں امریکی فوجی دستے بھیجنے کا کوئی ارادہ ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا جوہری ہتھیاروں کے خاتمے کے معاملے پر روس اور چین سے بھی بات چیت کررہا ہے،اس سے قبل امریکی ذرائع ابلاغ نے انکشاف کیا تھا کہ امریکی فوج نے ایران پر حملوں کے لیے نئے منصوبے تیار کیے ہیںجن میں ایران کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے اور جوہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کے لیے دنیا کے سب سے بڑے غیر جوہری بم ’مدر آف آل بمز‘ کے ممکنہ استعمال پر بھی غور کیا گیا ہے۔
امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق فوجی منصوبہ بندی سے واقف متعدد ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی اسلحہ خانے میں موجود اس بڑے بم کا ایران کے خلاف پہلی بار استعمال تنازع میں نمایاں شدت پیدا کرسکتا ہے۔




































