
اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک ،فوٹو فائل ) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان کی قیمتی معدنیات میں امریکا، چین، کینیڈا اور آسٹریلیا سمیت
متعدد ممالک دلچسپی رکھتے ہیں، تاہم کسی بھی ملک کو کوئی ٹھیکہ یا کان حوالے نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لیے بیرونی سرمایہ کاری کے بغیر معدنی ذخائر نکالنا ممکن نہیں، اس لیے اسی ملک کے ساتھ مل کر کام کیا جائے گا جس کے ساتھ قومی مفادات اور سرمایہ کاری کا تحفظ یقینی ہو۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے واضح کیا کہ معدنیات کے شعبے میں فی الحال صرف ابتدائی بات چیت ہوئی ہے اور کسی کان یا ٹھیکے کی حوالگی کا فیصلہ نہیں کیا گیا۔
وزیر دفاع نے خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کی صورت حال پر بات کرتے ہوئے تحریک انصاف کی سابقہ صوبائی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ سابقہ حکومت دہشت گردی کے خلاف جنگ میں وفاق کے ساتھ تعاون نہیں کر رہی تھی، جبکہ دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کی نشاندہی کے باوجود مؤثر کارروائی نہیں کی جاتی تھی۔ ان کے مطابق صوبائی حکومت کی خاموشی کے باعث دہشت گردی میں اضافہ ہوا اور گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران دہشت گردانہ کارروائیوں میں زیادہ جانی نقصان ہوا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ اب خیبر پختونخوا میں ایک متحرک حکومت دہشت گردی کے خلاف اپنا کردار ادا کرے گی اور صوبے کو دہشت گردی سے نجات دلانا بنیادی مقصد ہوگا۔ ان کا الزام تھا کہ سابقہ صوبائی قیادت کی توجہ صوبے کے عوام کے بجائے ایک شخصیت کی سیاست پر مرکوز رہی۔
انہوں نے کہا کہ انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشنز کے بعد اگر صوبائی حکومت ریاستی رٹ قائم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات نہ کرے تو دہشت گردی دوبارہ سر اٹھا سکتی ہے۔ ان کے مطابق اب کارروائیوں کے ساتھ ساتھ صوبے میں حکومتی عمل داری قائم کرنے کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔
خیبر پختونخوا میں گورنر راج کے معاملے پر وزیر دفاع نے کہا کہ یہ کوئی پہلے سے طے شدہ منصوبہ نہیں تھا بلکہ تمام دستیاب آپشنز استعمال کرنے کے بعد آخری راستے کے طور پر سامنے آیا۔ انہوں نے کہا کہ جب سیدھی انگلیوں سے گھی نہ نکلے تو انگلیاں ٹیڑھی کرنا پڑتی ہیں،خواجہ آصف نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے پارلیمنٹ میں دیے گئے بیان کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ان کی گفتگو میں خلوص نمایاں تھا اور انہوں نے درست مؤقف اختیار کیا۔
وزیر دفاع نے دعویٰ کیا کہ سہیل آفریدی کو مراد سعید کے کہنے پر وزیراعلیٰ بنایا گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ مراد سعید اور بانی پاکستان تحریک انصاف ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نئے انتظامی سیٹ اپ میں کردار نہ ملنے پر بعض حلقے اس کی مخالفت کر رہے ہیں اور ان کے بیانات سے صوبے کو نقصان پہنچ رہا ہے۔
خواجہ آصف نے سابقہ سیاسی حالات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم حکومت کے قیام کے بعد ہونے والی ایک میٹنگ میں فوری انتخابات کرانے پر غور کیا گیا تھا اور مسلم لیگ (ن) بھی فوری انتخابات کے حق میں تھی، تاہم بعض دیگر رہنما اس کے مخالف تھے اور ایک سال تک حکومت چلانے پر اصرار کر رہے تھے۔
خواجہ آصف کہنا تھا کہ اس ایک سال کے دوران سیاسی حالات تبدیل ہوگئے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ تحریک عدم اعتماد کے بعد انہوں نے خود شہباز شریف کو مشورہ دیا تھا کہ ایک ماہ کے اندر انتخابات کروا دیے جائیں۔ خواجہ آصف کے مطابق بعض سیاسی رہنماؤں کی توجہ عوامی مسائل کے بجائے اقتدار اور سیاسی مفادات پر مرکوز رہی۔
انہوں نے ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پرویز مشرف کے دور میں مولانا فضل الرحمان اپوزیشن لیڈر تھے، جبکہ متحدہ مجلس عمل کی حکومت بھی موجود تھی۔ اس وقت پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) اپوزیشن لیڈر کا منصب اپنے پاس رکھنا چاہتی تھیں، لیکن انہیں یہ موقع نہیں ملا۔ خواجہ آصف نے کہا کہ تقریباً دو سے ڈھائی سال قبل قائم ہونے والی ایک سالہ حکومت میں مولانا فضل الرحمان ان کے سیاسی اتحادی تھے۔
بانی پی ٹی آئی کے ایک سابقہ بیان کا حوالہ دیتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ انہوں نے اسمبلی میں سوال اٹھایا تھا کہ کیا بھارت کے ساتھ جنگ کا اعلان کر دیا جاتا۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے سوال کیا کہ اس بیان کے بعد اب تک پی ٹی آئی یا جمعیت علمائے اسلام کی جانب سے شہدا کے ساتھ کھڑے ہونے کا عملی مظاہرہ کیوں نہیں کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ان جماعتوں کے رہنماؤں کو شہدا کے جنازوں میں شرکت کرنی چاہیے تھی اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا چاہیے تھا۔ خواجہ آصف نے دہشت گردی کے خلاف قومی سطح پر یکجہتی اور ریاستی اداروں کے ساتھ تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔




































