
اسلام آباد( ویب ڈیسک )سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے ستمبر کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 2 روپے 56
پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست نیپرا میں جمع کرا دی ہے۔ درخواست منظور ہونے کی صورت میں صارفین پر اضافی مالی بوجھ پڑنے کا امکان ہے۔
نیپرا حکام کے مطابق درخواست پر سماعت 29 اکتوبر کو ہوگی، جس میں بجلی کی پیداواری لاگت اور ایندھن کے اخراجات کا جائزہ لیا جائے گا،نیپرا کی منظوری کے بعد اضافے کا اطلاق متعلقہ صارفین کے بجلی کے بلوں پر ہوگا۔
سی پی پی اے کی جانب سے جمع کرائی گئی درخواست کے مطابق ستمبر میں بجلی کی فی یونٹ پیداواری لاگت 10 روپے 2 پیسے رہی، جبکہ اس کا حوالہ جاتی تخمینہ 7 روپے 46 پیسے فی یونٹ تھا، اس طرح بجلی کی پیداواری لاگت تخمینے سے 2 روپے 56 پیسے فی یونٹ زیادہ رہی، جس کی بنیاد پر قیمت میں اضافے کی درخواست کی گئی ہے۔
درخواست میں بتایا گیا ہے کہ ستمبر کے دوران مقامی اور درآمدی کوئلے سمیت ڈیزل، فرنس آئل، مقامی گیس اور درآمدی مائع قدرتی گیس (ایل این جی) سے بجلی کی پیداوار پر بھاری اخراجات آئے،دستاویزات کے مطابق ستمبر میں بجلی کی پیداوار کے لیے مجموعی فیول لاگت 127 ارب 87 کروڑ روپے رہی، جبکہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) نے اس عرصے کے دوران 12 ارب 76 کروڑ یونٹ بجلی فروخت کی۔
واضح رہے کہ ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی کے نرخوں میں ردوبدل ایندھن کی اصل لاگت اور مقررہ ریفرنس لاگت کے فرق کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔ اگر نیپرا درخواست منظور کر لیتا ہے تو بجلی صارفین کو اضافی ادائیگیاں کرنا پڑ سکتی ہیں۔




































