
اسلام آباد ( ویب ڈیسک ،فوٹو فائل )وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ بجلی چوری کی روک تھام اور لائن لاسز میں کمی کے لیے
الیکٹرانک پاور مانیٹرنگ سسٹم نصب کیا جا رہا ہے، جس کے ذریعے بجلی چوری والے علاقوں میں مخصوص ٹرانسفارمرز بند کیے جا سکیں گے۔ اس اقدام کا مقصد بجلی چوری کرنے والے صارفین کے باعث باقاعدگی سے بل ادا کرنے والے صارفین کو مشکلات سے بچانا ہے۔
اویس لغاری کے مطابق ملک بھر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ طے شدہ منصوبے کے تحت کی جا رہی ہےجبکہ 30 فیصد یا اس سے زائد لائن لاسز والے فیڈرز پر لوڈشیڈنگ جاری رہے گی، انہوں نے واضح کیا کہ بجلی چوری کرنے اور بل ادا نہ کرنے والے صارفین کو ریلیف نہیں دیا جائے گا تاہم حکومت بجلی کے نظام میں بہتری اور نقصانات پر قابو پانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
وفاقی وزیر نے ڈی جی خان ایئرپورٹ کے توسیعی منصوبے کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے صارفین کو بھاری بھرکم بجلی کے بلوں سے بچانے کے لیے اقدامات کیے ہیں، بجلی چوری کی روک تھام اور بجلی کے نظام میں ہونے والے نقصانات کو کم کرنے کے لیے نئے طریقہ کار پر کام جاری ہے، جس سے بجلی کی فراہمی اور بلوں کی وصولی کے نظام کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے بتایا کہ الیکٹرانک پاور مانیٹرنگ سسٹم کے ذریعے بجلی چوری والے علاقوں میں متعلقہ ٹرانسفارمرز کو بند کیا جا سکے گا۔ اس نظام کا مقصد یہ ہے کہ بجلی چوری کرنے والے صارفین کی وجہ سے باقاعدگی سے بل ادا کرنے والے شہریوں کو بجلی کی بندش اور دیگر مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
دوسری جانب کراچی کے مختلف علاقوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ اور طویل بندش شہریوں کیلئے بدستور پریشانی کا باعث بنی ہوئی ہے۔ لانڈھی، ملیر، سرجانی ٹاؤن، منگھو پیر، کورنگی، نصرت بھٹو کالونی، نیو کراچی اور اورنگی ٹاؤن سمیت متعدد علاقوں کے رہائشیوں کو بجلی کے بل ادا کرنے کے باوجود کئی کئی گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ کا سامنا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ باقاعدگی سے بلوں کی ادائیگی کے باوجود انہیں مسلسل اور بلا تعطل بجلی فراہم نہیں کی جا رہی، جس کے باعث گھریلو امور، کاروباری سرگرمیاں اور روزمرہ معمولات متاثر ہو رہے ہیں،بجلی کی طویل بندش سے پانی کی فراہمی اور برقی آلات کا استعمال بھی متاثر ہوتا ہے، جبکہ چھوٹے دکانداروں اور کاروباری مراکز کو بھی مالی اور انتظامی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
متاثرہ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی چوری کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے، تاہم بل ادا کرنے والے صارفین کو طویل لوڈشیڈنگ سے محفوظ رکھا جائے اور بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔
وفاقی وزیر توانائی نے مزید کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان جنگ کے باعث گیس کی قلت پیدا ہونے سے بجلی کی پیداوار مہنگی ہو رہی ہے۔ توانائی کے شعبے کو درپیش مشکلات کے باوجود حکومت بجلی کے نظام کو بہتر بنانے اور لائن لاسز میں کمی کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔
دریں اثنا، اویس لغاری نے ڈی جی خان ایئرپورٹ کے توسیعی منصوبے کے حوالے سے بتایا کہ ایئرپورٹ کو بین الاقوامی پروازوں کے لیے اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔ ساڑھے پانچ ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والا یہ منصوبہ جنوری 2028 میں پایۂ تکمیل تک پہنچے گا۔انہوں نے کہا کہ ڈی جی خان میں وزیراعظم کے اعلان کردہ چار بڑے ترقیاتی منصوبوں پر بھی کام جاری ہے، جن میں کینسر اسپتال کی تعمیر، سیوریج نظام کی بہتری اور سڑکوں کو کشادہ کرنے کے منصوبے شامل ہیں۔




































