
لاہور( ویب ڈیسک ،فوٹو: فائل) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ وہ ہر روز اپنے جیسی دیگر خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے کام کرتی ہیں، ان
کا کہنا تھا کہ وقت کے ساتھ والدین کا اپنی بیٹیوں پر اعتماد بڑھ رہا ہے، جو ایک مثبت تبدیلی ہے۔
کنیئرڈ کالج میں کانووکیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ آج وہ پاکستان کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ کی حیثیت سے طالبات کے سامنے کھڑی ہیں، جو خواتین کی صلاحیتوں اور خود اعتمادی کی علامت ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ایک وقت تھا جب ان سمیت بہت سی لڑکیاں مختلف خدشات اور خوف کا شکار رہتی تھیں، تاہم آج لڑکیوں میں پیدا ہونے والے اعتماد نے اس خوف کو ختم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ لڑکیوں کی حوصلہ مندی اور خود اعتمادی انہیں زندگی کے مختلف مراحل میں ایک بہترین بیٹی، بہن، بیوی اور ماں بننے میں مدد دے سکتی ہے۔




































