
استنبول ( ویب ڈیسک ) استنبول، ترکیہ: ترکیہ، مصر، پاکستان، سعودی عرب، برطانیہ، فرانس، جرمنی اور اٹلی کے وزرائے خارجہ نے استنبول میں
ہونے والے ایک اہم اجلاس میں ایران کے خلاف فوجی کارروائی کی مخالفت کرتے ہوئے آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے اور خطے میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے مذاکرات پر زور دیا ہے۔
اجلاس کے بعد ترک وزیرِ خارجہ حاقان فیدان نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پہلے ترکیہ، مصر، پاکستان اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ نے علاقائی صورتِ حال پر تبادلۂ خیال کیا، جس میں ایران پر ممکنہ حملے کے خدشات اور سعودی عرب پر حوثیوں کے حالیہ حملوں کا معاملہ بھی زیرِ بحث آیا، بعد ازاں برطانیہ، فرانس، جرمنی اور اٹلی کے وزرائے خارجہ بھی اجلاس میں شریک ہوگئے جہاں جاری تنازعات کے وسیع تر علاقائی اور عالمی اثرات کا جائزہ لیا گیا۔
حاقان فیدان کے مطابق خطے میں جاری تنازعات اور آبنائے ہرمز، آبنائے باب المندب اور بحیرۂ اسود جیسے اہم بحری راستوں کو لاحق خطرات عالمی توانائی کی فراہمی، غذائی تحفظ اور آزاد تجارت کے لیے سنگین چیلنج بن رہے ہیں جس کے باعث عالمی معیشت پر دباؤ میں اضافہ ہو رہا ہے۔
ترک وزیرِ خارجہ نے کہا کہ اجلاس میں شریک تمام ممالک اس بات پر متفق ہیں کہ تنازعات کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لیے سفارت کاری اور مذاکرات کو ترجیح دینا ناگزیر ہے۔ ان کے مطابق کسی بھی شریک ملک نے ایران کے خلاف فوجی کارروائی کی حمایت نہیں کی۔
اجلاس میں روس اور یوکرین کے درمیان جنگ کے خاتمے، جنگ بندی اور ایک جامع امن معاہدے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔ حاقان فیدان نے بحیرۂ اسود میں بحری جہازوں کی محفوظ آمدورفت یقینی بنانے کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں استحکام عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل کیلئے انتہائی ضروری ہے۔




































