
سری نگر( ویب ڈیسک ،فوٹو فائل )مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارتی فوجی قبضے کے 79 برس مکمل ہونے پر آج وادی سمیت دنیا بھر میں مقیم
کشمیری یومِ سیاہ منا رہے ہیں۔ بھارتی قبضے اور مظالم کے خلاف کُل جماعتی حریت کانفرنس اور دیگر آزادی پسند تنظیموں نے مقبوضہ وادی میں مکمل ہڑتال کی کال دے رکھی ہے، جبکہ مختلف مقامات پر احتجاجی مظاہرے بھی کیے جائیں گے۔
کشمیری عوام 27 اکتوبر 1947ء کو بھارتی فوجوں کی سری نگر آمد اور جموں و کشمیر پر قبضے کے خلاف ہر سال اس دن کو یومِ سیاہ کے طور پر مناتے ہیں۔ کشمیری قیادت اس اقدام کو تقسیمِ برصغیر کے اصولوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے منافی قرار دیتی ہے۔
یومِ سیاہ کے موقع پر لائن آف کنٹرول کے دونوں اطراف، پاکستان اور دنیا کے مختلف ممالک میں مقیم کشمیری بھارتی قبضے کے خلاف احتجاجی ریلیاں اور مظاہرے کریں گے, ان سرگرمیوں کا مقصد عالمی برادری کی توجہ مسئلہ کشمیر کی جانب مبذول کرانا اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو حقِ خودارادیت دلانے کا مطالبہ کرنا ہے۔
دوسری جانب آزاد جموں و کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں یومِ سیاہ کے سلسلے میں شاہراہِ سری نگر سے لائن آف کنٹرول کی جانب مارچ کیا جائے گا۔ مارچ کے شرکاء ضلع جہلم ویلی کے علاقے ہٹیاں بالا میں بھارت کے خلاف احتجاج کریں گے۔




































