
کراچی: سعودی عرب کی کابینہ نے خطے میں سکیورٹی و استحکام کے قیام اور کشیدگی میں کمی کے لیے پاکستان اور قطر کی سفارتی کوششوں کی
توثیق کرتے ہوئے امن کے حصول کیلئےمکہ معاہدے میں شامل ممالک کے کلیدی کردار کو سراہا ہے۔
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی زیرِ صدارت ہونے والے کابینہ کے اجلاس میں مکہ معاہدے کے رکن ممالک اور ایران کے اعلیٰ حکام کے درمیان ہونے والی بات چیت کے مندرجات کا جائزہ لیا گیا۔ کابینہ نے علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر امن و استحکام کے قیام کے لیے سعودی عرب کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
تفصیلات کے مطابق سعودی کابینہ نے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امن کے فروغ کیلئے اسلامی جمہوریہ پاکستان اور قطر کی ثالثی و سفارتی کوششوں کی حمایت کی، کابینہ نے اس امر پر بھی زور دیا کہ خطے میں امن کے قیام کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کی حمایت اور مکہ معاہدے میں شامل ممالک کا مؤثر کردار ناگزیر ہے۔
اجلاس میں سعودی عرب کے فضائی دفاعی نظام کی اعلیٰ صلاحیتوں کو بھی سراہا گیا، جن کی بدولت حوثی ملیشیا کی جانب سے مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور مملکت کے مختلف شہروں اور تنصیبات کو نشانہ بنانے کی مبینہ کوششوں کو ناکام بنایا گیا،سعودی کابینہ نے ان حملوں کو دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔
کابینہ نے حوثی ملیشیا کو خبردار کیا کہ ہوائی اڈوں، مقدس شہروں اور اقتصادی تنصیبات کو بار بار نشانہ بنانے کی کوششوں کے سنگین نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔اجلاس کے اختتام پر سعودی قیادت نے خطے میں پائیدار امن، سیکیوٹی اور استحکام کے قیام کے لیے سفارتی کوششوں کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا، جبکہ پاکستان اور قطر کی جانب سے کشیدگی میں کمی اور مذاکرات کے فروغ کیلئے کی جانے والی کوششوں کو اہم قرار دیا۔




































