
اسلام آباد ( ویب ڈیسک )پاور ڈویژن کے ذرائع نے دسمبر، جنوری اور فروری کے مہینوں میں بجلی صارفین کیلئے مشکلات بڑھنے کا خدشہ ظاہر کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سردیوں کے ان تین ماہ کے دوران بجلی کی قیمتوں میں اضافے اور فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ (ایف پی اے ) کا بوجھ صارفین پر پڑنے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دسمبر سے فروری کے دوران فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ موجودہ سطح کے مقابلے میں 2 سے 3 گنا تک بڑھ سکتی ہے۔ عالمی منڈی میں ایل این جی، کوئلے اور دیگر ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے باعث بجلی کی پیداواری لاگت میں نمایاں اضافے کا خدشہ ہے۔
پاور ڈویژن کے ذرائع کے مطابق سردیوں میں بجلی گھروں کو مقامی گیس کی فراہمی بھی ایک بڑا چیلنج ہوگی، کیونکہ اس موسم میں مقامی گیس کی محدود فراہمی کے باعث گھریلو صارفین کی ضروریات پوری کرنا بھی مشکل ہو جاتا ہے،ذرائع کا کہنا ہے کہ سردیوں میں پن بجلی کی پیداوار انتہائی کم ہونے کے باعث بجلی کی طلب پوری کرنے کے لیے مہنگے ایندھن پر انحصار کرنا پڑے گا، جس سے بجلی کی مجموعی پیداواری لاگت مزید بڑھ سکتی ہے۔
ذرائع کے مطابق عالمی منڈی میں ایندھن کی بلند قیمتیں بھی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ میں اضافے کا سبب بنیں گی، گزشتہ مہینوں کے دوران دو گھنٹے کی لوڈ مینجمنٹ سمیت مختلف اقدامات کے ذریعے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کا بوجھ کم رکھنے کی بھرپور کوشش کی گئی۔
پاور ڈویژن کے ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں ایل این جی سمیت دیگر ایندھن کی قیمتیں کافی بڑھ چکی ہیں، جس کے باعث دسمبر سے فروری کے دوران نہ صرف بجلی مہنگی ہونے بلکہ لوڈ مینجمنٹ میں بھی اضافے کا امکان ہے۔




































