
لاہور (ویب ڈیسک ) پاکستان مسلم لیگ(ن)کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہاہے کہ نا اہل
، نالائق اور ناکام حکومت کو گھر بھیجنا سیاست کی نہیںبلکہ 22کروڑ عوام کی ضرورت بن چکا ہے ،عمران خان عوام کاسمندر تمہیں گھربھیجنے کے لئے آرہاہے ، ایسا تاریخی لانگ مارچ ہوگا کہ حکمران سارے مارچ بھول جائیں گے،پی ڈی ایم کی جدوجہد کسی غیر جمہوری قوت کے سہارے نہیں چل رہی بلکہ عوام کے سہارے چل رہی ہے ،عمران خان کے جانے کے بعد گرینڈڈائیلاگ ہوں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ یہ حکومت پاکستان میں لطیفہ حکومت بن چکی ہے، نیب نے لندن میں پاکستان کے اربوں روپے ڈبو دیئے، جتنی مالیت کے فلیٹ نہیں اس سے زیادہ رقم خرچ کر دی گئی، نیب پر مقدمہ کون بنائے گا، پاکستان کے زرمبادلہ کا نقصان کون پورا کرے گا ؟،وزیراعظم کہتا ہے سردی آرہی ہے گیس کی لوڈ شیڈنگ کےلئے تیار رہو ، مہنگائی آرہی ہے اس کے لئے تیار رہو، وزیر داخلہ کہتا ہے دہشتگردی ہونے والی ہے قوم تیاررہے ، بتاﺅ پھر آپ کس مرض کی دواہو ،بجلی کی قیمتوںمیںاضافے کی تیاری کی جارہی ہے جس سے لوگوں کی چیخیں نکل جائیں گی۔احتساب عدالت کے باہر احسن اقبال نے کہا کہ شہباز شریف کو گرفتار ہوئے 100 دن ہو چکے ہیںلیکن حکومت ان پر 100 پیسے کی کرپشن ثابت نہیں کر سکی ،یہ حکومت جھوٹے مقدمات بنا کر سیاسی انتقام لے رہی ہے ،خواجہ آصف اور شہباز شریف کے اثاثے ڈیکلیئرڈ ہیں ،نواز شریف کے اثاثوں کا سراغ لگانے کے لئے نیب نے اثاثوں سے کئی گنا زائد رقم مقدمے میںہار دی ،نیب پر مقدمہ کون بنائے گا اور وہ نقصان کون پورا کرے گا ، جھوٹے مقدمات کےلئے انتظامی مشینری کو مفلو ج کر کے رکھ دیا گیاہے ، آج کسی سرکاری دفتر میں کوئی افسر فائلوںپر دستخط کرنے کے لئے تیار نہیں۔عمران خان کی عمران خان کی منفی اور انتقامی سوچ سے یہ حالت ہوئی ہے ۔




































