
ٹنڈوآدم ( رپورٹ :سلمان غوری ) ٹنڈوآدم ایجوکیشنل سوسائٹی کے زیر نتظام چلنے والے تعلیمی ادارے حرا پبلک اسکول ٹنڈوآدم کے وسیع و عریض گراؤنڈ
میں رنگارنگ گریجویشن تقریب کاانعقاد کیا گیا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی ضلع سانگھڑ کی سیاسی و سماجی شخصیت،چیئرمین آئل اینڈ گیس سوشل ڈیولپمینٹ کمیٹی ضلع سانگھڑ و سینیٹر امام الدین شوقین، مہمانِ اعزازی اے ایس پی شہدادپور اظہر خان مغل، چیئرمین بلدیہ ٹنڈوآدم مسرور احسن غوری اور معروف ادیب ،کالم نگارو صحافی مشتاق احمد قمر، محمد یوسف عاجز تھے، چیئرمین ٹنڈوآدم ایجوکیشنل سوسائٹی عبدالعزیز غوری نے صدارت کی.

مہمان خصوصی اور دیگر مہمانوں کی آمد پر اسکول کے چاک و چوبند اسکاؤٹس کے دستے نے سلامی دی اور گارڈ آف آنر پیش کیا جس سے تقریب کو چار چاند لگ گئے. تقریب میں زندگی کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افراد جن میں اساتذہ، بینکرز، ڈاکٹرز، انجینئر ز، وکلاء، ادیب، شاعر، سماجی، سیاسی رہنماؤں، کونسلرز، صحافی حضراتِ اور بچوں اور بچیوں کے والدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی. پروگرام میں اسکول کے طلباء و طالبات نے رنگارنگ ٹیبلوز ملی نغمے اور لہو گرمانے والی پرفارمنس پیش کیں اور شرکاء نے بچوں کو دل کھول کر داد دی۔

تقریب سے چیئرمین ٹنڈوآدم ایجوکیشنل سوسائٹی عبدالعزیز غوری نے خطاب کرتے ہوئے ٹنڈوآدم حرا پروجیکٹ کے چاروں منصوبوں کا تعارف پیش کیا جس میں سے دو منصوبے حرا مسجد اور حرا پبلک اسکول گذشتہ 27 سال سے کام کر رہے ہیں ،جبکہ حرا ڈسپنسری اور مدرسہ تفہیم القرآن کا سنگ بنیاد جلد رکھا جائے گا.
مہمانِ خصوصی سینیٹر ملک امام الدین شوقین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حرا پبلک اسکول میں پہلی مرتبہ آیا ہوں اسکول کی بلڈنگ، انوائرمنٹ دیکھ کر بے حد خوشی ہوئی ہے انہوں نے ٹیبلوز میں نہایت اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے بچوں اور بچیوں کی پرفارمنس کو بے حد سراہتے ہوئے کہا کہ اسٹیج پر پرفارم کرنا بڑی بہادری اور حوصلے کی بات ہے اس طرح کے اسکول لائق تحسین ہیں جو تعلیم کے ساتھ ساتھ اپنے بچوں کی ذہنی صلاحیتیں اجاگر کرتے ہیں۔
انہوں نے اسکول کی انتظامیہ، ٹیچرز اور طلباء کے ساتھ ساتھ ٹنڈوآدم ایجوکیشنل سوسائٹی کو بھی خراج تحسین پیش کیا.
انہوں نے عبدالعزیز غوری، ان کے مرحوم بھائی عبدالستار غوری اور پوری ٹیم کیجانب سے اتنے اچھے تعلیمی ادارے کے قیام کے اقدام کو بے حد سراہا. انہوں نے کہا کہ بچوں کیساتھ بچیوں کی تعلیم بےحد ضروری ہے بچے کی تعلیم ایک فرد کی تعلیم ہے جبکہ بچیوں کی تعلیم ایک خاندان کو تعلیم دینے کے برابر ہے یقیناً ماں کی آغوش سے بہتر کوئی تربیت گاہ نہیں ہے وہ گھرانے بدقسمت ہوتے ہیں جو اپنی بچیوں کی تعلیم پر توجہ نہیں دیتے۔

سینئر سائنس ٹیچر محمد حنیف شمس اور پروفیسر احمد بلال غوری نے اپنے خطاب میں کہا کہ امام الدین شوقین کی تعلیم دوستی کا گواہ ناصرف ٹنڈوآدم بلکہ پورا سندھ ہے. تعلیم کے لیے انہوں نے بیش بہا خدمات انجام دی ہیں.
تقریب کے اختتام پر پلے گروپ، نرسری، کے جی، جماعت اول سے ہشتم تک کامیاب طلباء و طالبات انعامات اور سرٹیفکٹس تقسیم کیے گئے. تقریب میں ٹنڈوآدم ایجوکیشنل سوسائٹی کے جنرل سیکرٹری مشتاق احمد عادل، سوشل سیکرٹری عمران غوری و دیگر عہدیداران و ممبران عبدالغفور انصاری، حاجی نور حسن، سید عریف اللہ، عبدالستار انصاری، سید توحید احمد شاہ، حاجی اکرام الدین، ممتاز حسین بسمل و دیگر نے شرکت کی.




































