
اسلام آباد( ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی ) پاکستان میڈیکل کمیشن نے ایم بی بی ایس کورس کو
کلیئر کرنے کیلئے چار امتحانی چانس کو ختم کردیا ہے۔ پاکستان میڈیکل کمیشن ( پی ایم سی ) نے اس بات کا اختیار یونیورسٹیز کو دے دیا ہے کہ میڈیکل کے طلبہ کو امتحان کلیئر کرنے کیلئے کتنے چانس فراہم کیے جائیں گے ۔
پی ایم سی کے مطابق اب طلبہ و طالبات کے پہلے بنیادی امتحان کے نتائج پر اس بات کا فیصلہ یونیورسٹی خود کرے گی کہ طالب علم کو مزید مواقع فراہم کرنے ہیں کہ نہیں ۔
پاکستان میڈیکل کمیشن کے مطابق جوطالب علم میڈیکل کی پڑھائی کے بنیادی امتحان کو نہ کلیئر کرسکیں وہ کلینیکل پڑھائی میں کامیابی حاصل نہیں کرسکتے ۔اس اقدام سے یونیورسٹیز کی کارکردگی پر بھی چیک اینڈ بیلنس رکھا جائے گا۔
صدر پاکستان میڈیکل کمیشن (پی ایم سی ) ڈاکٹر ارشد تقی کا کہنا ہے کہ وہ اب اس معاملے میں کچھ نہیں کرسکتے کہ یونیورسٹیز خود اب اس بات کا فیصلہ کریں گی کہ طالب علم کو دوسرا موقع دینا ہے کہ نہیں۔
انہوں نے مزید کہنا تھا کہ اگر طالب علم میڈیکل کے بنیادی امتحان میں فیل ہوجاتے ہیں تو وہ ڈاکٹر نہیں بن سکتے ،کیونکہ دوسرا مرحلہ کلینیکل پڑھائی کا ہے جو اس سے زیادہ مشکل ہے اور جو طالبعلم بنیادی پڑھائی کے امتحان کو پاس کرلیں تو ان کے پاس اگلے مرحلے میں مزید امتحان دینے کے چانس ہوں گے ۔اس اقدام سے ایم بی بی ایس اور بی ای ایس کی پڑھائی کے معیار میں مزید بہتری آئے گی ۔




































