کراچی(تعلیم ڈیسک)وفاقی جامعہ اردو نے بی اے پرائیویٹ دو سالہ پروگرا م 2019ءکی رجسٹریشن منسوخ کرنے
اور طلباءکو فیس واپس دینے کااعلان کیا ہے۔ اس ضمن میں باقائدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیاہے ۔
وفاقی اردو یونیورسٹی کے دفتری حکم نامہ کے مطابق 30نومبر2020کے ایجنڈے کے تحت ہونیوالے 42ویں سنڈیکٹ اجلاس میں با اجازت صدرکی قرار داد کے تحت بی اے پرائیوٹ دو سالہ پروگرام 2019ءمیں دی جانیوالی رجسٹریشن منسوخ کرنے اور طلباءکو فیس واپس کرنے کی منظوری دی گئی تھی ،جس کے بعد جامعہ کے ڈپٹی رجسٹرار نے مجاز افسران کی منظوری سے اس ضمن میں باقائدہ نوٹیفکیشن جاری کیا ہے، تاہم جامعہ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بی کام پرائیویٹ دو سالہ پروگرام کے بارے میں ہائیر ایجوکیشن کمیشن سے رہنمائی حاصل کی جائے گی ۔
ادھر جامعہ اردو کی جانب سے بی اے پرائیوٹ دو سالہ پروگرام2019ءکی رجسٹریشن ختم کئے جانے سے امیدواروں میں بے چینی پائی جاتی ہے ان کا کہنا ہے کہ لاکھوں روپے فیس وصول کر کے بینکوں میں ڈیپازٹس کی صورت میں رکھ کر بھاری منافع کمانے کے بعد واپس کرنے کا مقصد جامعہ کی آمدنی میں اضافہ کرنے کے علاوہ اور کچھ نہیں ،ہائر ایجوکیشن کمیشن نے بی اے پر2020سے پابندی لگائی تھی مگر 2019کی رجسٹریشن منسوخی انتظامیہ کے اقدامات پر سوالیہ نشان ہے ۔